
پاکستان نے ہمیشہ مثبت سفارت کاری کو ترجیح دی ہے، رضوان سعید شیخ
چین نے ابتدا ہی سے فریقین کو تحمل اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا جبکہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے بھی سفارتی کوششوں میں براہ راست کردار ادا کیا
مدثر احمد-امریکہ،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ےساتھ
واشنگٹن: امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ مثبت سفارت کاری کو ترجیح دی ہے اور تمام فریقین کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کرنے پر ان کے مشکور ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں گزشتہ ہفتوں سے جاری تھیں، جن کا اختتام کامیاب جنگ بندی اور مذاکرات کے اعلان پر ہوا۔انہوں نے سفارتی عمل کو کامیاب بنانے میں سعودی عرب، ترکیہ، مصر، قطر اور چین سمیت دیگر ممالک کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ چین نے ابتدا ہی سے فریقین کو تحمل اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا جبکہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے بھی سفارتی کوششوں میں براہ راست کردار ادا کیا۔ اس دوران خلیجی ریاستوں کی قیادت سے مسلسل مشاورت جاری رہی۔
انہوں نے واضح کیا کہ فیصلوں کا اختیار متعلقہ فریقین کے پاس ہے اور پاکستان محض ایک سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے، تاہم یہ کوششیں پوری دیانتداری اور خلوص کے ساتھ جاری ہیں۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور استحکام کے مثبت اثرات نہ صرف خلیجی ممالک بلکہ دنیا بھر کی سیاست اور معیشت پر مرتب ہوں گے۔



