
جے ڈی وینس امریکی مذاکراتی ٹیم کی قیادت کریں گے، وائٹ ہاؤس
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس شامل ہوں گے، جنہوں نے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ہونے والے ان مذاکرات کی قیادت کی تھی
وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے امریکی وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ بیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ خود یہ دورہ نہیں کریں گے۔
ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے تہران کے ساتھ ملاقاتوں کے لیے اسلام آباد مذاکرات کار بھیج رہے ہیں، کیونکہ جنگ بندی کی مدت جلد ختم ہونے والی ہے۔ تاہم، صدر نے کہا کہ وینس سکیورٹی خدشات کی بنا پر یہ دورہ نہیں کریں گے۔ ٹرمپ نے اے بی سی نیوز کو بتایا، ’’یہ صرف سکیورٹی کی وجہ سے ہے، جے ڈی بہترین ہیں۔‘‘
لیکن جب ان تبصروں کے بارے میں پوچھا گیا تو وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر اپنا مؤقف تبدیل کر دیا۔ وائٹ ہاؤس کے ذرائع نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس شامل ہوں گے، جنہوں نے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ہونے والے ان مذاکرات کی قیادت کی تھی، جو کسی ٹھوس نتیجے کے بغیر ختم ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ وفد میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔




