تازہ ترینسائنس و ٹیکنالوجی

بیلجیئم میں گوگل کے اے آئی ڈیٹا سینٹر کی تعمیر روک دی گئی

گوگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمپنی گزشتہ 15 برس سے بیلجیئم میں کام کر رہی ہے اور مقامی قوانین کی پابندی کے لیے پرعزم ہے۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

گوگل کے ساتھ
بیلجیئم کے حکام کی جانب سے غیر قانونی تعمیر قرار دیے جانے کے بعد امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ڈیٹا سینٹر کی تعمیر روک دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گوگل نے بیلجیئم کے علاقے فارسینز میں جاری تعمیراتی کام اضافی ہدایات ملنے تک معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے منصوبے کے لیے مطلوبہ تعمیراتی اجازت نامہ حاصل نہیں کیا۔ والونیا حکومت کے ترجمان نکولس یرنو کے مطابق یہ ایک سنگین خلاف ورزی ہے۔

گوگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمپنی گزشتہ 15 برس سے بیلجیئم میں کام کر رہی ہے اور مقامی قوانین کی پابندی کے لیے پرعزم ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس منصوبے پر کئی ماہ سے قانونی تنازع جاری ہے۔ گوگل نے تعمیراتی اجازت نامے کی شرائط میں تبدیلی کی درخواست دی تھی، جس کے تحت ڈیٹا سینٹر کے کولنگ سسٹم کو ایئر کولنگ سے تبدیل کرکے قریبی دریائے سامبرے سے پانی حاصل کرنے کا طریقہ اختیار کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔

علاقائی حکام نے اس درخواست کو مسترد کردیا، تاہم تعمیراتی کام جاری رہنے پر مقامی آبادی اور ماحولیاتی تنظیموں نے تحفظات کا اظہار کیا۔

گرین پیس بیلجیئم کے نمائندے جوری تھیس نے کہا کہ اجازت نامے کے بغیر تعمیراتی کام جاری رکھنا ماحول، مقامی رہائشیوں اور قانون کی بے توقیری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی بحران کے اثرات میں اضافے کے پیش نظر توانائی کی بھاری مقدار استعمال کرنے والے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

اس معاملے کی سماعت نئے سال میں عدالت میں ہوگی۔

ڈیٹا سینٹر میپ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 13 ہزار 500 ڈیٹا سینٹرز موجود ہیں، جن میں سے 54 بیلجیئم میں واقع ہیں۔ امریکا 5 ہزار 200 سے زائد ڈیٹا سینٹرز کے ساتھ اس حوالے سے دنیا میں سرفہرست ہے۔

رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر اور ان کی توانائی کی ضروریات پر دنیا بھر میں بحث جاری ہے۔ امریکا میں بھی حالیہ وسط مدتی انتخابات کے دوران یہ معاملہ اہم موضوع رہا، جہاں تین ریاستوں میں منتخب ہونے والے ڈیموکریٹ سینیٹرز اور گورنرز نے ڈیٹا سینٹرز کے لیے سخت ضوابط کی حمایت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button