یورپتازہ ترین

غزہ فلوٹیلا کے اسرائیل کی طرف سے روکے جانے کے بعد سینکڑوں کارکن یونانی جزیرے کریٹے پر اتر گئے

یونانی کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ وہ اس فلوٹیلا میں شامل افراد کو اپنی حفاظت میں کریٹے کی جزیرے تک لائے اور ان کی تعداد تقریباﹰ 175 تھی۔

غزہ پٹی کے لیے امداد لے کر جانے والے ایک بحری قافلے کے اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی سمندری پانیوں میں روکے جانے کے بعد اس فلوٹیلا میں شامل کشتیوں پر سوار بیسیوں سرگرم امدادی کارکن جمعہ یکم مئی کے روز یونانی جزیرے کریٹے پر اس فلوٹیلا سے اتر گئے۔

یونانی دارالحکومت ایتھنز سے ملنے والی رپورٹوں میں ملکی کوسٹ گارڈز کے حوالے سے جنگ سے تباہ شدہ غزہ پٹی کے لیے بہت سی کشتیوں میں امداد لے کر جانے والے اس قافلے میں شامل کارکنوں کے کریٹے کے جزیرے پر اتر جانے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

یونانی کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ وہ اس فلوٹیلا میں شامل افراد کو اپنی حفاظت میں کریٹے کی جزیرے تک لائے اور ان کی تعداد تقریباﹰ 175 تھی۔

اٹلی کے جزیرے سسلی کی ایک بندرگاہ پر غزہ فلوٹیلا کے ارکان امدادی سامان کشتیوں پر لے جاتے ہوئے
اٹلی کے جزیرے سسلی کی ایک بندرگاہ پر غزہ فلوٹیلا کے ارکان امدادی سامان کشتیوں پر لے جاتے ہوئےتصویر: Baris Seckin/Anadolu Agency/IMAGO

ان میں سے اکثریت مختلف یورپی ممالک کے شہریوں کی تھی اور ان افراد کو کریٹے کے جنوب مشرق میں ایتھیرینولاکوس تک پہنچانے کے لیے چار بسوں میں سوار کرایا گیا، جس دوران وہ ’’فلسطین کو آزا دکرو‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

اس غزہ ایڈ فلوٹیلا کے منتظمین نے اس قافلے میں شامل کارکنوں کی تعداد 211 بتائی ہے۔

فلوٹیلا کا سفر مختلف یورپی ممالک سے شروع ہوا تھا

کل جمعرات کے روز اسرائیلی وزارت خارجہ نے تصدیق کر دی تھی کہ اس فلوٹیلا میں شامل 20 سے زائد کشتیوں پر سوار تقریباﹰ 175 افراد کو سمندر میں ان کشتیو‌ں سے اتار کر عارضی طور پر تحویل میں لے لیا گیا تھا۔

غزہ صمود فلوٹیلا میں شامل ایک امدادی کشتی اٹلی میں سسلی کے جزیرے کے پاس
مجموعی طور پر اس فلوٹیلا میں 50 سے زائد امدادی کشتیاں شامل تھیںتصویر: Baris Seckin/Anadolu Agency/IMAGO

یہ امدادی قافلہ مجموعی طور پر 50 سے زائد امدادی کشتیو‌ں ہر مشتمل تھا، جس نے حالیہ ہفتوں میں غزہ پٹی کی طرف اپنا سفر مختلف یورپی ممالک سے تقریباﹰ بیک وقت شروع کیا تھا۔

یہ کشتیاں غزہ کی طرف سفر پر فرانس میں مارسے کے شہر، اسپین میں بارسلونا سے اور اٹلی میں سیراکوز سے روانہ ہوئی تھیں۔

اسی دوران اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے جمعے کے روز کہا کہ اس فلوٹیلا میں شامل کشتیوں پر سوار اور کھلے سمندر میں روکے گئے دو کے سوا باقی تمام افراد اب واپس یونان پہنچ گئے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button