اسحاق ڈار نے برطانوی ہائیکورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا ان پر پاکستان سے اربوں روپے چرانے ، برطانیہ میں خفیہ اکاؤنٹس اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا الزام تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیو وژن ٹیلی وژن (این وی ٹی وی) کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ لندن ہائی کورٹ میں جیت لیا۔
ٹی وی پر وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے احتساب اور داخلہ شہزاد اکبر اور رپورٹرز پروگرام کے چوہدری غلام حسین اور صابر شاکر نے اسحاق ڈار پر کرپشن، منی لانڈرگ اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے تھے۔
ان افراد کی طرف سے لگائے گئے الزامات میں کہا گیا تھا کہ اسحاق ڈار کرپشن اور منی لانڈرنگ میں ملوث تھے اور وہ پاکستان کے کئی بلین روپیہ لوٹ چکے ہیں، جنہیں غیر ملکی خفیہ اکاؤنٹ میں رکھا گیا ہے۔
فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کا کنٹرول حاصل کیا اور اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے حکومتی عہدیدار کو قتل کی دھمکیاں دیں۔ ہائی کورٹ میں معافی مانگتے ہوئے این وی ٹی وی نے قبول کیا ہے کہ اسحاق ڈار کیخلاف الزامات جھوٹے، من گھڑت اور بے بنیاد تھے، ٹی وی چینل نے اسحاق ڈار کو پہنچنے والی شرمندگی، تکلیف اور ہتک پر ہرجانہ اور قانونی اخراجات ادا کرنے پر اتفاق بھی کیا ہے۔
این وی ٹی وی نے پیر کی شام برطانیہ میں اپنے چینل پر اسحاق ڈار کی تصویر دکھاتے ہوئے معافی نشر کی جس میں کہا گیا کہ 8؍جولائی 2019ء کو نشر ہونے والے رپورٹرز پروگرام میں چوہدری غلام حسین اور صابر شاکر نے دعویٰ کیا کہ اسحاق ڈار حکومت پاکستان کی چوری کی گئی رقم پاکستان واپسی کی اجازت ملنے پر واپس کرنے کیلئے تیار ہیں۔
یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ان کے بینک اکاؤنٹ کا سراغ لگا لیا گیا ہے جس میں ایک بلین ڈالر کے قریب مسروقہ رقم موجود ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ اسحاق ڈار نے کسی شخص کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے تاکہ اس کی ملک چھوڑنے کے حوالے سے حوصلہ افرائی ہو۔ ’مسٹر اسحاق ڈار نے ہمیں مطلع کیا ہے اور ہم یہ قبول کرنے کیلئے تیار ہیں، پہلے کہ انہوں نے پاکستان حکومت کا کوئی پیسہ چوری نہیں کیا، دوسرا یہ کہ مسٹر اسحاق کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں ملا تھا، اس لیے مسروقہ رقم سامنے آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، تیسرا یہ کہ مسٹر ڈار پاکستان واپسی کیلئے پیسہ واپس کرنے کو تیار ہیں، یہ دعویٰ بھی جھوٹا اور من گھڑت تھا اور چوتھا یہ کہ مسٹر ڈار نے کسی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں نہیں دی ہیں‘۔
شہزاد اکبر کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے حوالے سے این وی ٹی وی نے معافی مانگی ہے اور کہا کہ 8؍اگست 2019ء کو نیو وژن ٹیلی وژن پر پاور پلے پروگرام نشر ہوا، اس پروگرام کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے دعویٰ کیا کہ اس دور میں اسحاق ڈار فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے پاکستان میں ذمہ دار تھے۔
انہوں نے نامناسب طریقے سے یونٹ کے کام میں رکاوٹ ڈالی، اہم اداروں کے سسٹم تک رسائی سے روکا، جو اس کے کام میں معاونت کرسکتے تھے۔ یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسحاق ڈار نے یہ اقدامات ان افراد کو بچانے کیلئے کئے جو چوہدری شوگر ملز، منی لانڈرنگ کیس میں ملوث تھے۔
مسٹر اسحاق نے ہمیں مطلع کیا ہے اور ہم ماننے کیلئے تیار ہیں کہ انہوں نے کبھی فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کا کام نہیں دیکھا، یونٹ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010ء کے تحت قائم کیا گیا تھا اور وہ براہ راست اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تحت کام کرتا ہے، جس کے سبب اسحاق ڈار نے کبھی یونٹ کے کام میں رکاوٹ نہیں ڈالی اور نہ ہی انہوں نے مبینہ چوہدری شوگر ملز کیس سمیت کسی بھی صورت میں کسی کی حفاظت کیلئے کچھ کیا۔
معافی کے آخر میں کہا گیا کہ ہم اپنی نشریات کے سبب اسحاق ڈار کو پہنچنے والی تکلیف، شرمندگی اور پریشانی پر ان سے غیر مشروط طور پر معافی مانگتے ہیں اور ہرجانے کے علاو قانونی اخراجات بھی ادا کیے جائیں گے۔
شہزاد اکبر نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ عالمی سطح پر فنانشل انٹیلی جنس یونٹ ہے جو منی لانڈنگ کا پتہ لگانے کیلئے بنایا گیا اور یہ بہترین نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوانین کے مطابق یہ 2007ء سے موجود تھا لیکن گزشتہ پانچ برسوں میں ایک شخص نے اس ادارے کو کام نہیں کرنے دیا اور وہ شخص (سابق وزیرخزانہ) اسحاق ڈار تھے، جنہوں نے اس ادارے کو مفلوج کردیا۔
جب اسحاق ڈار گئے تو ایف ایم یو نے کچھ کام کرنا شروع کیا اور اسے کسی حد تک زندہ کردیا گیا، عالمی اداروں نے سافٹ ویئر کی مد میں فنڈز دیئے جو ایف ایم یو کو سپورٹ کرنے جا رہا تھا لیکن اسحاق ڈار نے انہیں رسائی حاصل نہیں کرنے دی، اب جب کہ وہ مفرور ہیں تو ادارے نے کام شروع کردیا ہے اور تمام لین دین سامنے آرہا ہے۔
لندن ہائی کورٹ میں کیس شروع ہوا تو اسحاق ڈار نے دعوی کیا کہ ٹی وی کے دو پروگراموں میں لگائے گئے الزامات کا مطلب یہ سمجھا گیا کہ انہوں نے حکومت پاکستان کے پیسے چوری کیے ہیں اور اگر انہیں وطن واپسی کی اجازت ملتی ہے تو وہ رقم واپس کرنے کو تیار ہیں، ان کے بینک اکائونٹس کا سراغ لگا لیا گیا ہے، جس میں ایک بلین ڈالر تک کی بڑی رقم موجود ہے۔
انہوں نے کسی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور وہ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ اور دیگر اہم اداروں کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے ذمہ دار ہیں، بشمول چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں ملوث افراد کی حفاظت میں بھی ملوث تھے۔
مسٹر ڈار نے دعویٰ کیا کہ جو الزامات لگائے گئے وہ انتہائی سنگین اور ہتک آمیز تھے، جن میں انہیں مجرم قرار دیا گیا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان سے ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا اور انہیں شرمندگی، تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔