اہم خبریںپاکستان پریس ریلیز

پاکستان میں جنڈ کے قریب بہادر شہری کی قربانی، خودکش حملہ آور کو روک کر کئی جانیں بچا لیں، سیکورٹی زرائع

ذرائع کے مطابق شہید لیاقت پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم تھے اور مقامی آبادی میں نیک نام اور ذمہ دار شہری کے طور پر جانے جاتے تھے۔

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز،سیکورٹی ذرائع کے ساتھ
جنڈ: ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ کے ایک بہادر شہری نے مبینہ خودکش حملہ آور کو روک کر اپنی جان قربان کر دی اور ممکنہ طور پر ایک بڑی تباہی کو ٹال دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ خوشحال گڑھ پل کے قریب پیش آیا، جو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان ایک اہم بین الصوبائی علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص، جسے بعد ازاں خارجی دہشت گرد قرار دیا گیا، کھیتوں کے راستے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی دوران تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور کے رہائشی لیاقت نے اسے روک لیا اور اس کی شناخت کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مشتبہ شخص خوفزدہ ہو گیا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں بہادر شہری لیاقت موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ خودکش حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کا ہدف بین الصوبائی علاقے میں قائم ایک حساس چیک پوسٹ تک پہنچنا تھا، تاہم لیاقت کی بروقت جرات اور قربانی نے ممکنہ بڑے جانی نقصان کو روک دیا۔
ذرائع کے مطابق شہید لیاقت پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم تھے اور مقامی آبادی میں نیک نام اور ذمہ دار شہری کے طور پر جانے جاتے تھے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہید لیاقت نے دشمن کے سامنے فولادی دیوار بن کر نہ صرف حساس چیک پوسٹ کو محفوظ بنایا بلکہ آس پاس موجود متعدد قیمتی جانوں کو بھی بچا لیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دہشت گرد عناصر شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، پولیس اور عوام مل کر ان عزائم کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
مقامی شہریوں اور سوشل حلقوں کی جانب سے شہید لیاقت کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایسے بہادر شہری قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button