
نوجوان لیڈر آف ٹومارو، نوجوان ہی نوجوان کے مسائل بہتر حل کر سکتا ہے۔ وزیر تعلیم
اس پروگرام کے توسط سے سرکاری سکولوں کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور عالمی سطح کے تعلیمی مواقع میسر آ سکیں گے
سید عاطف ندیم -پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
محکمہ تعلیم اور ہیلپنگ ہینڈ ویلفئر آرگنائزیشن کے درمیان وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ انکیوبیشن پروگرام کے آغاز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے مطابق پنجاب کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے ہم آہنگ کرنے اور ان کی کونسلنگ کیلئے مشترکہ کاوشیں کی جائیں گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے یوتھ ایئر اور نوجوانوں کو امپاور کرنے کے ویژن کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے توسط سے سرکاری سکولوں کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور عالمی سطح کے تعلیمی مواقع میسر آ سکیں گے۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ سوشل انکیوبیشن کے ذریعے نوجوانوں میں سفارتکاری، ڈیجیٹل لٹریسی، اور کانٹینٹ تخلیق کرنے کی تربیت حاصل کریں گے جبکہ حفاظتی تبادلے کے پروگرامات بھی کیے جائیں گے۔ نوجوانوں کے درمیان سٹیم مقابلہ جات بھی منعقد ہوں گے جبکہ ان کی سائنسی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے اقدامات بھی مفاہمتی یادداشت کا حصہ ہوں گے۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ نوجوان لیڈر آف ٹومارو ہیں، نوجوان ہی نوجوان کے مسائل بہتر طریقے سے حل کر سکتا ہے۔ اس لئے نوجوانوں کو امپاور کرنا وقت کی ترجیحی ضرورت ہے۔



