کاروبارتازہ ترین

سمیڈا اور دراز کے مابین پاکستانی ایس ایم ایز کے لیے ای کامرس کے فروغ میں اشتراک عمل کا فیصلہ

نادیہ جہانگیر سیٹھ نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی ایس ایم ایز کو مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے، نئی منڈیوں تک رسائی اور پائیدار کاروبار کے قیام کا اہم موقع فراہم کرتی ہے

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

قاسم بخاری-پاکستان
سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور دراز پاکستان نے پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی ڈیجیٹل صلاحیتیں بڑھانے، ای کامرس تک رسائی بہتر بنانے اور کاروباری ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔
یہ اقدام وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ایس ایم ایز کو ملکی اقتصادی ترقی اور روزگار کا اہم ذریعہ بنانے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروباری افراد کی قومی و عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ وزیراعظم نے سمیڈا کو ایس ایم ایز کی مالی و تکنیکی معاونت کے ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال کے ذریعے کاروباری افراد کو نئی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔
اس سلسلے میں سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر سیٹھ اور دراز پاکستان کے مینیجنگ ڈائریکٹر بین یی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں ای کامرس تعلیم، استعدادِ کار میں اضافے، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور خواتین کی زیرِ قیادت کاروباری اداروں کی معاونت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں سمیڈا کے آئندہ ای کامرس پروگرام کے لیے دراز کی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے خصوصی نصاب تیار کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔ مجوزہ پروگرام میں آن لائن کاروبار کے قیام و انتظام، مصنوعات کی فہرست سازی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، صارفین سے رابطے، ادائیگیوں اور آرڈر کی تکمیل سمیت ای کامرس کے عملی پہلو شامل ہوں گے۔
نادیہ جہانگیر سیٹھ نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی ایس ایم ایز کو مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے، نئی منڈیوں تک رسائی اور پائیدار کاروبار کے قیام کا اہم موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراز جیسے صنعتی اداروں کے ساتھ تعاون سے کاروباری افراد کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ عملی مہارتیں فراہم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ خواتین کاروباری افراد کے لیے ڈیجیٹل شمولیت، استعدادِ کار اور مارکیٹ تک رسائی بڑھانا سمیڈا کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
دراز پاکستان کے مینیجنگ ڈائریکٹر بین یی نے کہا کہ پاکستان کے ایس ایم ای شعبے میں ای کامرس سے فائدہ اٹھانے کی وسیع صلاحیت موجود ہے، تاہم پائیدار ڈیجیٹل کاروبار کے لیے کاروباری افراد کو درست معلومات، ٹولز اور معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراز اپنے تجربے اور مہارت کو وسیع تر کاروباری برادری، بالخصوص خواتین کی زیرِ قیادت کاروباری اداروں تک پہنچانے کے لیے سمیڈا کے ساتھ عملی اقدامات پر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں دونوں اداروں نے پاکستان کے ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے اور ایس ایم ایز کو ای کامرس کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button