تازہ ترینمشرق وسطیٰ

یمن میں لاکھوں افراد بھوک کا شکار، امدادی تنظیموں کو فنڈز کی شدید قلت کا سامنا

ایگے لینڈ کے مطابق شمالی یمن میں دو کروڑ سے کہیں زیادہ افراد کو کم از کم معیار زندگی برقرار رکھنے کے لیے درکار امداد میسر نہیں ہے۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service
سید عاطف ندیم-ادارت

نارویجیئن ریفیوجی کونسل کے سربراہ یان ایگے لینڈ نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ یمن میں حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں لاکھوں افراد انسانی امدادی تنظیموں پر عائد پابندیوں اور فنڈز کی قلت کے باعث بھوک کا شکار ہیں۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروہ کے زیر قبضہ صنعاء شہر میں جمعے کے روز ایک انٹرویو میں ایگے لینڈ نے کہا کہ حکومت کے زیر قبضہ جنوبی علاقوں اور شمالی علاقوں کی صورت حال میں بہت بڑا فرق ہے۔ جنوبی علاقوں میں متعدد بین الاقوامی امدادی تنظیمیں سرگرم ہیں، جبکہ شمال میں ایسی تنظیموں کی تعداد انتہائی کم ہے۔

انہوں نے کہا، ’’ضروریات ہر جگہ ہیں اور یمن میں کام کرنے والی ہم تمام انسانی امدادی تنظیموں کو فنڈز کی قلت کا سامنا ہے۔‘‘

ایگے لینڈ کے مطابق شمالی یمن میں دو کروڑ سے کہیں زیادہ افراد کو کم از کم معیار زندگی برقرار رکھنے کے لیے درکار امداد میسر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا، ’’لاکھوں افراد بھوک سے تڑپ رہے ہیں اور انہیں اشد ضرورت ہے کہ ان کی مدد کی جائے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’انسانی امداد کے شعبے میں اپنے طویل تجربے کے دوران میں نے کبھی ایسی صورت حال نہیں دیکھی، جہاں اتنے زیادہ لوگوں کی انتہائی سنگین ضروریات پوری کرنے کے لیے اتنی کم امدادی تنظیمیں موجود ہوں، جیسا کہ شمالی یمن میں ہے۔‘‘

حوثیوں اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے درمیان جنگ دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک کا سبب بنی ہے۔

حوثیوں نے 2014 میں صنعاء پر قبضہ کر لیا تھا اور شمالی یمن کے بیشتر علاقوں پر ان کا کنٹرول ہے، جہاں ملک کی زیادہ تر آبادی رہتی ہے۔ سعودی عرب کا یہ جنوبی ہمسایہ ملک جزیرہ نمائے عرب کا غریب ترین ملک ہے۔

ایگے لینڈ نے کہا، ’’لاکھوں افراد کو ہر ماہ خوراک فراہم کی جاتی تھی، لیکن امدادی کارکنوں کی حراست کے بعد اقوام متحدہ نے شمالی یمن میں اپنی امدادی سرگرمیاں معطل کر دیں۔‘‘

گزشتہ ماہ کے اختتام پر اقوام متحدہ نے اپنے ایک کارکن محمد الشامی کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی، جو 2024 سے حوثی حکام کی حراست میں تھے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ عالمی ادارے کے 71 کارکن اب بھی حوثیوں کی حراست میں ہیں۔

ایگے لینڈ نے ان پیچیدہ سیاسی حالات کا بھی ذکر کیا، جن کا انسانی امدادی تنظیموں کو سامنا ہے۔ ان میں حوثیوں پر عائد پابندیاں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’بعض امداد فراہم کرنے والے ممالک کی جانب سے عائد پابندیوں کے باعث کچھ تنظیمیں یمن چھوڑ گئیں، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ان پابندیوں کی خلاف ورزی پر انہیں سزا دی جا سکتی ہے۔‘‘

ایگے لینڈ کے مطابق بعض دیگر تنظیموں کا خیال تھا کہ وہاں انسانی امدادی سرگرمیوں کے لیے گنجائش باقی نہیں رہی، ان کے کام میں بہت زیادہ مداخلت کی جا رہی تھی اور ان کے امدادی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کی واپسی ممکن بنانے کے لیے مزید اقدامات کرے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button