
ہیگستھ کا غیر اعلانیہ اسرائیل دورہ، نیتن یاہو سے ایران پر بات چیت
اسرائیل کے آرمی ریڈیو کے مطابق ہیگستھ اور نیتن یاہو کی ملاقات جنوبی اسرائیل میں واقع ایک فضائیہ کے اڈے پر ہوئی۔
روئٹرز، ڈی پی اے
اس ملاقات کی تفصیلات سرکاری طور پر جاری نہیں کی گئیں تاہم خبر رساں ادارے ایکسیوس نے سب سے پہلے اس ملاقات کی اطلاع دی۔ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے اس بارے میں تاحال تبصرہ نہیں کیا، جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
اسرائیل کے آرمی ریڈیو کے مطابق ہیگستھ اور نیتن یاہو کی ملاقات جنوبی اسرائیل میں واقع ایک فضائیہ کے اڈے پر ہوئی۔
یہ پیش رفت ایک روز بعد سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ ہفتے ہونے والے اسرائیلی پارلیمانی انتخابات میں نیتن یاہو کی حمایت کا اعلان کیا۔ واضح رہے اکتوبر 2023 میں حماس کے دہشتگردانہ حملے کے بعد یہ اسرائیل کے پہلے عام انتخابات ہوں گے۔
ہیگستھ کا دورہ ایسے وقت پر ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ برقرار ہے، جبکہ ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر حملوں میں بھی شدت پیدا کر دی ہے۔
امریکہ اور اسرائیل نے فروری کے آخر میں ایران کے خلاف مشترکہ حملے کیے تھے، جس کے بعد خطے میں تنازع مزید وسیع ہو گیا تھا۔ تاہم نیتن یاہو اس ماہ اسرائیلی میڈیا کو دیے گئے انٹرویوز میں کہہ چکے ہیں کہ وہ 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل ایران کے خلاف کسی نئی کارروائی کے خواہاں نہیں ہیں۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ نومبر میں امریکہ کے وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران کے خلاف کوئی فوجی کارروائی نہیں کریں گے۔
مبصرین کے مطابق ہیگستھ کا یہ غیر اعلانیہ دورہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ واشنگٹن اور تل ابیب ایران اور خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر قریبی مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔



