پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ

حکومت پنجاب اور برگد کے اشتراک سے دیوالی کی تقریب، بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کا خوبصورت پیغام،صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے ہندو کمیونٹی کے سنگ کیک کاٹا

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

ناصف اعوان-ادارت پنجاب پاکستان
پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی فلاحی تنظیم برگد کے باہمی اشتراک سے لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں ہندو کمیونٹی سے اظہارِ یکجہتی کے لیے دیوالی کی ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ تقریب میں ہندو، سکھ، مسیحی اور مسلم برادریوں کے نمائندوں، پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ اور سول سوسائٹی کے افراد بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برگد کیجانب سے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ محبت، برداشت، قبولیت اور پرامن بقائے باہمی کے پیغام کو معاشرے کی نچلی سطح تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کا ایک ساتھ مل کر تہوار منانا پاکستان کے پرامن، روادار اور متحد معاشرے کی عکاسی کرتا ہے۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے مذہبی عقائد کے مطابق زندگی گزارنے اور تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ حکومت پنجاب اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز روایتی دیئے روشن کرنے سے ہوا، جس کے بعد دیوالی کی خصوصی دعا اور تہوار کی اہمیت پر اظہار خیال کیا گیا۔ پروفیسر اشوک کمار نے دیئوں کی روشنی کو مثبت سوچ اور معاشرے میں امید و خوشی پھیلانے کی علامت قرار دیا اور برگد کیجانب سے گزشتہ 12 سال سے بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
جسپریت سنگھ نے مختلف مذاہب کے افراد کی مشترکہ شرکت کو بین المذاہب ہم آہنگی کی خوبصورت مثال قرار دیا اور تمام شرکاء کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے سبزیوں پر مشتمل عشائیے کے اہتمام کو سراہا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر برگد صبیحہ شاہین نے مشترکہ تقریب کو قائداعظم کے تصورِ پاکستان کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تقریب کا بنیادی مقصد ایک ایسے جامع اور پرامن پاکستان کے تصور کو فروغ دینا تھا جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے شہری مذہبی آزادی، عزت و وقار اور باہمی احترام کے ساتھ اپنے تہوار منا سکیں۔ ہندو رہنماء امر ناتھ نے ہندو کمیونٹی کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہندو برادری کو اپنی مذہبی روایات اور تہوار منانے کی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے اس مشترکہ خوشی کو پاکستان کی خوبصورت روایات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔ جے ڈبلیو ایس کی فرزانہ کوثر نے کہا کہ ایسی تقریبات مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان غلط فہمیوں کے خاتمے اور باہمی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا، مٹھائیاں اور پھل تقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء کے لیے خصوصی سبزیوں پر مشتمل عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔برگد کی پروگرام کوآرڈینیٹر رابعہ ڈار نے تمام مہمانوں اور شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کی تقریبات کا تسلسل جاری رہے گا تاکہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button