
وزیراعلیٰ کے دورے کے باعث کوئی مارکیٹ، دکان یا کاروبار بند نہیں ہوگا، مریم نواز کی ہدایات جاری
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وی آئی پی وزٹ کے باعث امتحان ملتوی کرنے کی کوشش پر ڈپٹی کمشنر جہلم کو عہدے سے ہٹا دیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
انصار ذاہدسیال-پاکستان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ان کے دورے کے باعث کسی مارکیٹ، دکان یا کاروبار کو بند نہ کیا جائے، سکیورٹی کے نام پر شہریوں کی آمدورفت پر پابندی عائد نہ ہو اور کسی رہائشی گلی کو بند یا سیل نہ کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ کا دورہ کسی کاروباری سرگرمی کی بندش کا سبب نہیں بننا چاہیے۔ تمام سکیورٹی انتظامات خفیہ اور عوام کے لیے غیر محسوس رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ اس حوالے سے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو دوبارہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وی آئی پی وزٹ کے باعث امتحان ملتوی کرنے کی کوشش پر ڈپٹی کمشنر جہلم کو عہدے سے ہٹا دیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈی سی جہلم نے وی وی آئی پی وزٹ کو جواز بنا کر کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرنے کی کوشش کی، جو ان کی واضح ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ وزٹ کے دوران عوام بالخصوص طلبہ کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔



