پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

علامہ اقبال کا فلسفۂ خودی، خودداری اور قومی اتحاد آج بھی پاکستان کے لیے مشعلِ راہ ہے، قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان

قومی مفاد کو سیاسی اختلافات پر ترجیح دی جائے، اختلافِ رائے کو محاذ آرائی کے بجائے مکالمے اور جمہوری برداشت کا ذریعہ بنانا چاہیے، قائم مقام گورنر پنجاب

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

قیصر مغل-ادارت
لاہور: قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال کی فکر، شاعری اور فلسفۂ خودی آج بھی پاکستان کو درپیش سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودداری، خود اعتمادی، آزادی اور اجتماعی شعور بیدار کیا اور ایک خودمختار ریاست کا تصور پیش کیا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ فلسفۂ خودی انسان کو اپنی صلاحیتیں پہچاننے، کردار کی مضبوطی، خود انحصاری اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ علامہ اقبال کا پیغام محض انفرادی کامیابی تک محدود نہیں بلکہ ایک مضبوط، باوقار اور متحد قوم کی تشکیل کا راستہ بھی دکھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوری تسلسل پاکستان کے استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن جمہوری نظام کے اہم ستون ہیں اور انہیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، اسے محاذ آرائی کے بجائے مکالمے، باہمی احترام اور جمہوری روایات کے ذریعے آگے بڑھانا چاہیے۔
قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشی مشکلات، مہنگائی، بے روزگاری اور تعلیمی مسائل سمیت قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی ذمہ داری اور مشترکہ حکمتِ عملی ضروری ہے۔ علامہ اقبال کے تصورِ خودمختاری اور خود انحصاری کو عملی شکل دے کر ہی ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار پاکستان کی بنیاد مستحکم کی جا سکتی ہے۔
ملک محمد احمد خان نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ علامہ اقبال کی شاعری اور فکر کا مطالعہ کرے اور علم، تحقیق، محنت اور خود اعتمادی کو اپنا شعار بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے، بلند مقاصد کے حصول اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button