
اے ایف پی کے ساتھ
پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے کھوسو اور 38 دیگر کسانوں کی فصلیں 2022ء کے ”قیامت خیز‘‘ سیلاب میں تباہ ہو گئی تھیں۔ انہوں نے جرمن توانائی کمپنی آر ڈبلیو ای اور سیمنٹ بنانے والی کمپنی ہائیڈل برگ مٹیریلز کے خلاف مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔ یہ بڑی آلودگی پھیلانے والی کمپنیوں سے موسمیاتی اثرات کا مالی ہرجانہ دلوانے کی ایک نادر کوشش ہے۔
جرمنی کی ان کمپنیوں کو نشانہ پاکستان میں ان کی کسی مخصوص سرگرمی کی وجہ سے نہیں بنایا گیا بلکہ ماحول کو گرم کرنے والی ضرر رساں گیسوں کے اخراج کی وجہ سے بنایا گیا ہے۔ ان کے صدر دفاتر جرمنی میں ہیں، جہاں ایک حالیہ عدالتی مقدمے نے ایسے دعووں کے لیے راستہ کھولا ہے۔
اس مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کمپنیوں کے باعث گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج نے ماحولیاتی تبدیلیوں میں حصہ ڈالا اور بارشوں کی شدت بڑھا دی، جس سے کسانوں کی فصلیں، مویشی اور گھر تباہ ہو گئے۔

ضلع جیکب آباد میں اپنی اہلیہ اور ننھے بچے کے ساتھ رہنے والے کھوسو نے بتایا، ”2022 کا منظر قیامت خیز تھا۔ ہمارے بزرگوں نے بھی کبھی ایسا موسم نہیں دیکھا تھا۔‘‘
‘ہمارے پاس کچھ نہیں بچا تھا‘
مدعیان کے اندازے کے مطابق عالمی صنعتی اخراج میں ان دونوں کمپنیوں کا حصہ بالترتیب 0.68 فیصد اور 0.12 فیصد ہے۔ دونوں کمپنیاں کسی غلط کام سے انکار کرتی ہیں۔
کھوسو کے مقدمے کی پشت پناہی پاکستانی اور یورپی تنظیمیں کر رہی ہیں۔ وہ ہرجانہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کمپنیوں سے ماحولیاتی نقصانات کی تلافی کی نئی مگر بھرپور بین الاقوامی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں۔
پاکستان کی ہینڈز ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ترقیاتی ماہر میر کیریو کہتے ہیں، ” ہم ہمیشہ قدرتی آفات کو الزام دیتے ہیں اور کبھی کبھی خدا کو بھی۔ لیکن سائنس ہمیں بتاتی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیاں شدید موسمی واقعات کے خطرات اور ان کی شدت میں اضافہ کر رہی ہے۔‘‘
پاکستانی کی اسی فاؤنڈیشن نے اس مقدمے کے لیے مختلف برادریوں کو متحرک کیا ہے۔ میر کیریو کہتے ہیں، ”جنہوں نے اس بحران میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، انہیں جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ ہم نے محسوس کیا کہ ماحولیاتی انصاف کے لیے اپنی لڑائی ہمیں آلودگی پھیلانے والی بڑی کمپنیوں تک لے جانا چاہیے۔‘‘
قرض اور ہرجانہ
ماحولیاتی قانونی چارہ جوئی دنیا بھر میں پھیلتا ہوا شعبہ ہے لیکن اب تک زیادہ تر کارروائیاں حکومتوں کے خلاف ہوئی ہیں۔ موسمیاتی آفات کے معاوضے کے لیے صرف چند کمپنیوں، مثلاً شیل اور سیمنٹ ساز ادارے ہولسیم کو مقدمات کا سامنا ہے۔
وکلا کا کہنا ہے کہ اگر عدالت کسی کمپنی کو اس کے باعث گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے تناسب سے معاوضہ ادا کرنے کا پابند کرے، تو یہ ایک بڑی پیش رفت ہو گی۔
جرمن عدلیہ گزشتہ سال پیرو کے ایک کسان کے مقدمے میں، جو آر ڈبلیو ای ہی کے خلاف تھا، اسی اصول کی جانب بڑھی۔ کسان کا معاوضے کا دعویٰ مسترد کر دیا گیا، تاہم عدالتوں نے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کا سبب بننے والے اداروں کو ذمہ دار ٹھہرانے کی گنجائش برقرار رکھی۔

دونوں مقدمات میں شامل خاتون جرمن وکیل روڈا فیرہین نے بتایا کہ پاکستانی کسانوں کا مقدمہ اسی فیصلے پر استوار ہے اور کمپنیوں پر مزید ”ناروا طرز عمل‘‘ کا الزام بھی لگاتا ہے، ”بڑی کمپنیاں 1960 کی دہائی سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے عمومی اثرات سے واقف تھیں۔‘‘
روڈا فیرہین مزید کہتی ہیں، ”انہیں مناسب احتیاط برتنا چاہیے تھی اور کم از کم اخراج گھٹانے کی کوشش کرنا چاہیے تھی۔ لیکن اس سلسلے میں انہوں نے خاطر خواہ کوشش نہیں کی۔‘‘
یہ مقدمہ ان تحقیقات پر بھی مبنی ہے، جن میں سیلاب کے دوران کسانوں کے نقصانات کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ اس سیلاب نے ملک کے ایک تہائی حصے کو متاثر کیا، 1700 افراد ہلاک اور تین کروڑ پاکستانی متاثر ہوئے تھے۔
منور خاتون اس قدامت پسند علاقے میں گنی چنی خواتین زمینداروں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب گندم کی کٹائی سے ذرا پہلے آیا، بیج زیر آب آ گئے اور ان کے خاندان کی آمدن کا بنیادی ذریعہ ختم ہو گیا، ”ہمیں فکر ہے کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اگلی نسل کیسے گزارا کرے گی۔‘‘
43 سالہ منور خاتون نے اپنے گاؤں عثمان سمیجو میں اے ایف پی کو بتایا، ”اب جب برسات کا موسم آتا ہے تو ہمیں خوف محسوس ہوتا ہے۔‘‘
قریبی ضلع دادو میں مدعی عبدالخالق لغاری نے کہا کہ سیلاب نے اس علاقے کو برسوں تک متاثر رکھا، ”آج تک ہم اپنا قرض اتار نہیں پا رہے۔‘‘

55 سالہ لغاری کے اندازے کے مطابق انہوں نے گھر، 40 ایکڑ رقبے پر فصلیں اور مویشیوں سمیت 14 ہزار ڈالر مالیت کے اثاثے کھو دیے۔
جرمن کمپنیاں کیا کہتی ہیں؟
آر ڈبلیو ای اور ہائیڈل برگ مٹیریلز دونوں مقدمے میں کیے گئے دعووں کو ”بے بنیاد‘‘ قرار دیتے ہیں۔ ہائیڈل برگ مٹیریلز نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس کی سرگرمیاں جرمن قوانین کے مطابق تھیں اور ماضی کے اقدامات کی ذمہ داری اس پر عائد نہیں کی جا سکتی۔
ماہرین کے مطابق مقدمہ کامیاب ہو بھی جائے، تو پاکستان بھر کے لاکھوں لوگوں کے لیے کٹھن جدوجہد باقی رہے گی۔ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شمار ہوتا ہے، حالانکہ سبز مکانی گیسوں کے عالمی اخراج میں اس کا اپنا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔
یہ مقدمہ دیوانی کارروائی کے تحت سنا جائے گا، جس میں غالباً برسوں لگیں گے۔ لیکن مدعیان کے نزدیک یہ جدوجہد اس کے قابل ہے۔ منور خاتون کہتی ہیں، ”یہ مقدمہ انصاف کے لیے ہے۔ ہم اپنی تباہی کا ذمہ دار ایسی کمپنیوں کو ٹھہراتے ہیں۔‘‘



