
نیوز ڈیسک، وائس آف جرمنی اردو نیوز
قاہرہ: سات مرتبہ کے فارمولا ون عالمی چیمپئن برطانوی ڈرائیور لیوس ہملٹن نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کے لیے امدادی سامان سے لدے ٹرکوں کو فوری داخلے کی اجازت دی جائے۔
لیوس ہملٹن نے مصر میں رفح بارڈر کراسنگ اور مصری ہلال احمر کے امدادی گوداموں کا دورہ کیا، جہاں انہیں العریش میں غزہ بھیجی جانے والی امداد کی تیاری اور ترسیل کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔ہملٹن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں اور انسانی بحران انتہائی افسوسناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو آزادی، تحفظ اور عزت سے محروم رکھنا ناانصافی ہے، کسی بھی انسان کی زندگی کو کم اہمیت نہیں دی جانی چاہیے۔فارمولا ون چیمپئن کے مطابق سرحد پر خوراک سے لدے امدادی ٹرک داخلے کے منتظر کھڑے ہیں۔
ہملٹن نے بتایا کہ قریبی لاجسٹکس سینٹر میں سلیپنگ بیگز، ابتدائی طبی امداد کی کٹس، طبی آلات، وہیل چیئرز اور بچوں کے لیے فٹ بالز جیسی اشیا بھی مبینہ طور پر غیرمعمولی وجوہات کی بنا پر مسترد کی گئی تھیں۔



