
صوبے بنوا لو صوبے …….حیدر جاوید سید
اس شوق میں ہمارے ایک دوست علی سجاد شاہ بھی گرفتار ہیں متعدد فلمیں بنا دیکھا چکے ہمارا جی چاہتا ہے
ملک میں نئے صوبے بنانے کی بحث ” چنا چور گرم ” فروخت کرنے والوں کی طرح موسم سرما کے جھونکوں کی ماند ” خوشگوار ” لگ رہی ہے دوعشرے سے سیاست کے جنرل بس اسٹینڈ کی ” نکر ” میں ” دھدڑ دھدڑ ” ہوئی ( دھول سے اٹی ) درانی ٹرانسپورٹ کی اکلوتی بس ( درانی کوچ قدرتی ایئرکنڈیشن) کو بھی ٹاکی شاکی مار کر سواریوں کی تلاش میں شاہراہ صوبہ جات پر لاکھڑا کیا گیا ہے دیکھتے ہیں کنڈیکٹر و ہیلپر کے بغیر 1970 ماڈل کے اس طیارے میں سواریاں بیٹھتی بھی ہیں یا طیارہ پہلے اسٹاپ پر ہی ڈیزل پھونک بیٹھتا ہے
ویسے دیکھنے کو ہمارے ملکِ عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ” بہت کچھ ” ہے ماسوائے فلم انڈسٹری کے جسکا کبھی طوطی بولتا تھا گو اب بھی اکا دُکا فلمیں بن بنا جاتی ہیں فلمسازی کے اس شوق میں ہمارے ایک دوست علی سجاد شاہ بھی گرفتار ہیں متعدد فلمیں بنا دیکھا چکے ہمارا جی چاہتا ہے کبھی وہ ملیں تو ان سے عرض کریں ” شاہ جی ایک فلم بنام "ات جمہوریت دا ویر” یا "سٹیبلشمنٹ کا خدا اور ہے رعایا کا اور” ، کے نام سے بنادیں نام کچھ اور بھی ذہن میں ہیں جیسا کے "صوبوں کی تلاش” ، "طیارہ اپنا اپنا” "سہیلی راج” وغیرہ وغیرہ لیکن رہنے دیجئے یہ ایک الگ موضوع اور میدان ہے اس پر پھر کبھی ان سطور میں باتاں کریں گے ابھی اور باتاں کرتے ہیں ہیں جیسا کے ” آؤ صوبے بنائیں ” کیونکہ ان دنوں صوبے بنوالو کی آوازیں ایسے کانوں میں گُھس رہی ہیں جیسے نصف صدی پہلے صبح سویرے کانوں میں یہ آواز پڑتی تھی ” منجی پیڑی بنوا لو ”
مرحوم و مغفور مولوی ظفر انصاری کے 32 صوبے بناؤ فارمولا ہر چندبرس بعد کانٹ شانٹ کے ساتھ کھڑکی توڑ فلم کی طرح نمائش کیلئے پیش ہوتا ہے درجن سوا درجن متروک ماڈل کی بسیں ذرائع ابلاغ کے راستے سڑکوں پر ٹہلتی دیکھائی دیتی ہیں سپانسر ملے تو چار پانچ دن دوڑتی بھاگتی ہیں نہ ملے تو مالک کی جیب صاف کرواکے واپس بغیر چھت والے گیراج میں جاکھڑی ہوتی ہیں
نئے صوبے بنانے کی باسی کڑی میں آجکل بھی اُبال آیا ہوا ہے حالیہ اُبال ایک لہوری میڈیا مالک کے چولہے پہ دھری ہنڈیا میں آیا تھا اب کافی سارے خوانچہ فروش میدان میں ہیں اول اول بیس سے چوبیس خوانچہ فروش سودا بیچنے کیلئے صدائیں لگارہے تھے اب چند ہی رہ گئے ہیں جو خوانچے لئے صدا لگا رہے ہیں انہیں یقین ہے کہ سودا بک جائے گا صوبوں کا چناچور گرم کے خوانچے ظاہر ہے کہ کسی نے خود سے تو نہیں لگوائے ” صوبہ منڈی ” میں نیا مال آخر کوئی تو لایا ہی ہوگا
خوانچہ فروش ایسے ہی تو صدا نہیں لگارہے ” انتظامی صوبے لے لو ” فقیر راحموں کا کہنا ہے ہے کہ یہ جو بیس چوبیس خوانچہ فروش انتظامی صوبوں کا سودا بیچ رہے ہیں ان میں آٹھ دس تو اپنے خوانچوں پر دھرے مال کو بیچنے کیلئے مہینہ دو مہینے سنجیدہ رہیں گے باقی کے چنددن بعد کچھ اور بیچتے دیکھائی دیں گے
مثلاً ایک دو صدارتی نظام کا خوانچہ لگالیں گے ایک آدھ اسلامی نظام کا باقی نان کسٹم سگریٹ فروخت کرنے والوں کی طرح دیکھائیں گے کچھ بیچیں گے کچھ معاف کیجئے ایک دو ریفرنڈم کرادو کا خوانچہ بھی لگائے دیکھائی دیں گے وہ جو شاعر نے کہا تھا ” ادھر ڈوبے اُدھر نکلے ، لہو گرم رکھنے کے حیلے ہیں سارے ” بس اتنی سی بات ہے
دروغ بر گردنِ راوی نئے صوبے بنانے کی حالیہ مہم کیلئے ابتدائی مال سول بیوروکریسی کی منڈی سے چھانٹ کر سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کے دربار میں بھجوایا گیا ہے ساتھ بھجوائے گئے تعارفی خط میں لکھا گیا ہے کہ "بڑے صوبوں میں ایک تو کرپشن نہیں رُک پاتی ثانیاً بڑے صوبوں کی قیادت بلیک میل بہت کرتی ہے کرپشن اور بلیک میلنگ روکنے کیلئے چھوٹے صوبوں کا قیام از بس ضروری ہے ”
ہم اگر راوی کی بات صحیح سمجھ پائے ہیں تو وہ کچھ یوں ہے کہ پہلے ( ماضی میں ) نئے صوبوں کا مال سیاست کی منڈی میں پنڈی شریف کی آبپارہ برانچ سے بھیجا جاتا تھا اس بار سول بیوروکریسی نے پنڈی کی آبپارہ برانچ میں بھجوایا ہے ہم پہلے ہی عرض کرچکے ” دروغ برگردنِ راوی ” اس لئے صحیح غلط اور نفع نقصان کی ذمہ داری ہماری ہرگز نہیں بالکل اسی طرح جیسے گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری کا لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی ماڈل ٹاؤن والی آبائی قیام گاہ پر جاکر ان سے ملنے ملانے میں ہمارا کوئی لینا دینا نہیں البتہ کچھ تو ہے جسکی پردہ داری ہے یعنی صوبے ہیں مقصود و مطلوبِ مومن ،
راوی کے بقول لگ بھگ آٹھ سے دس نئے صوبے بنیں گے پنجاب میں تین نئے صوبے یعنی بہاولپور ، ملتان ڈی جی خان جمع بھکر اور تیسرا صوبہ گجرات سے اٹک تک ، خیبرپختونخوا میں ہزارہ صوبے کے علاوہ سابقہ فاٹا والے نئے بارہ اضلاع پر مشتمل صوبہ بلوچستان میں گوادر سے حب تک ایک صوبہ بلوچستان کے پشتون علاقوں پر مشتمل نیا
صوبہ سندھ میں ابھی تک صرف کراچی ڈویژن پر مشتمل صوبے کا قیام ، ہم نے راوی سے پوچھا بندہ پرور وہ کراچی حیدرآباد اور میرپور خاص پر مشتمل صوبے کی تجویز کا کیا ہوا ؟ جواب ملا ” چپ کر دڑ وٹ جا نہ کھول صوبوں کے عشق کا خلاصہ ” عین ان لمحوں ہم نے راوی سے دریافت کیا نئے صوبے بن ہی رہے تو ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کا مستقبل کیا ہوگا ؟ راوی بولا ” شاہ تم اتنے بھولے ہو تو نہیں جتنے بن رہے ہو قومیتی بنیادوں پر صوبوں کی تحریکوں کے مستقل علاج کیلئے ہی تو ساری کھیچل ہورہی ہے ” جواب دینے کے بعد راوی نے ہمیں ایسے دیکھا جیسے پوچھ رہا ہو ” شاہ ہُن آرام ای کے نئیں ”
ہمیں تو بس یہ دیکھنا سمجھنا ہے کہ کیا نئے صوبوں کے خوانچوں کا سودا فروخت ہوجائے گا یا اس کی کوکھ سے کوئی مزاحمتی تحریک جنم لے گی خالص سرائیکی صوبے کا دیرینہ حامی اور بہی خوا ہونے کے باوجود ہمیں نہیں لگتا کہ نئے صوبائی انتظامی یونٹس کے قیام میں مقبوضہ سرائیکی وسیب کی وحدت پر چلی تلوار کے ردعمل میں کوئی قومی مزاحمتی تحریک شروع ہو وجہ یہی ہے کہ ہمارے بعض سرائیکی قوم پرست رہنما حال ہی میں اسٹیبلشمنٹ کیلئے کیئے گئے ایک چاپلوسی پروگرام میں شامل تھے ماضی میں بھی کچھ لوگ اسی طرح اسٹیبلشمنٹ یکجہتی ریلیوں میں جذبہ ایمانی کے ساتھ شرکت فرماکر عنداللہ ماجور ہوتے رہے
سادہ الفاظ میں عرض کریں تو یہ کے نئے صوبائی انتظامی یونٹس کے قیام کا میلہ ہمیں تو قوم پرستوں کا کمبل چُرانے کا ہتھکنڈہ لگتا ہے ویسے ہمارے ایک اور باخبر راوی کا دعویٰ ہے کہ نئے انتظامی یونٹس پہلے پہل صرف پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ” تعمیر ” کئے جائیں گے ، کیا مطلب ہم نے دریافت کیا ؟ جواب ملا پنجاب اسمبلی ماضی میں صوبہ بہاولپور اور ملتان و ڈی جی خان پر مشتمل صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کی قراردادیں منظور کرچکی اسی طرح کچھ عرصہ قبل خیبر پختونخوا اسمبلی سے ہزارہ صوبے کے حوالے سے قرارداد منظور ہوئی تھی
” وہ ” چاہتے ہیں ان قراردادوں پر عمل کے ساتھ سابق فاٹا والے بارہ اضلاع کا ایک انتظامی یونٹ بناکر دیکھا جائے کہ ردعمل کیا آتا ہے ” سکوت ” رہا تو دوسرے مرحلے پر سندھ اور بلوچستان میں نئے انتظامی یونٹس بنائے جائیں گے
حرف آخر یہ ہے کہ صوبوں یا یوں کہہ لیجے انتظامی یونٹس کا جو چنا چور گرم ان دنوں فروخت کرنے کیلئے کھیچل ہورہی ہے یہ کامیاب ہوگی یا دوہزار اٹھارہ میں آبپارہ شریف میں بننے والے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی ڈبہ فلم کی طرح پیک اس پر لمبی چوڑی بحث کی ضرورت نہیں ، ہماری دانست میں بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا ملک کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں تحریک انصاف مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نئے صوبوں والا دانہ چُگ چگ لیں گی یا پھر پلان B کے مطابق قومی حکومت بنوانے والا دھندہ شروع کیا جائے گا ؟


