تازہ ترینیورپ

اسپین کے جزائر کینری کے قریب تارکین وطن کی کشتی سے 14 لاشیں برآمد

یہ کشتی ایل ہیرو جزیرے سے 39 ناٹیکل میل (72 کلومیٹر) جنوب میں ملی تھی اور اسے کھینچ کر لا ایسٹاکا کی بندرگاہ تک پہنچایا جا رہا تھا۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service
سید عاطف ندیم-ادارت

اسپین کے جزائر کینری کے قریب تقریباً 100 افراد کو لے جانے والی ایک کشتی کو ریسکیو کیے جانے کے بعد اس میں سے 14 تارکین وطن کی لاشیں ملی ہیں۔ ہسپانوی خبر رساں ادارے ای ایف ای نے جمعے کے روز یہ اطلاع ایک ایسے وقت پر دی ہے، جب تارکین وطن کی آمد میں تیزی سے اضافے کے باعث علاقائی حکام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ واقعہ اسپین میں اتوار کو ہونے والے عام انتخابات سے محض چند روز قبل پیش آیا ہے، جن کی انتخابی مہم میں امیگریشن ایک اہم ترین موضوع بن چکا ہے۔

ای ایف ای کے مطابق 14 لاشیں ساحل پر پہنچا دی گئی ہیں۔ اس سے قبل سمندری امدادی سروس نے بتایا تھا کہ کشتی میں آٹھ سے دس لاشیں ملی ہیں، جبکہ چھ افراد کو تشویش ناک حالت میں فضائی راستے سے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

یہ کشتی ایل ہیرو جزیرے سے 39 ناٹیکل میل (72 کلومیٹر) جنوب میں ملی تھی اور اسے کھینچ کر لا ایسٹاکا کی بندرگاہ تک پہنچایا جا رہا تھا۔

زندہ بچ جانے والے 84 افراد کو ایک دوسری جزیرے کی لا ریسٹنگا بندرگاہ پر پہنچایا گیا۔ اس بندرگاہ پر تارکین وطن کے لیے ایک استقبالیہ مرکز اور عارضی ہسپتال قائم ہے، جہاں جزیرے تک پہنچنے والی زیادہ تر کشتیوں میں سوار افراد کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

اکتوبر سے جزائر کینری پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ 25 نومبر کو ایک ہی دن میں ریکارڈ 2,100 تارکین وطن ان جزائر تک پہنچے، جن میں سے زیادہ تر 11,400 نفوس پر مشتمل آبادی والے جزیرے ایل ہیرو پہنچے تھے۔

علاقائی رہنما فرنانڈو کلاویخو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’وہ اس نئے سانحے پر شدید دکھ اور بے بسی محسوس کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے ہسپانوی حکومت اور یورپی کمیشن سے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے مزید لکھا، ’’یہ انسانی بحران ایل ہیرو سے شروع نہیں ہوتا بلکہ سینیگال اور گیمبیا کے ساحلوں سے شروع ہوتا ہے، جہاں ہمیں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

ہسپانوی وزیر اعظم پیدرو سانچیز یورپ میں معیشت کے لیے امیگریشن کے فوائد کے سب سے نمایاں حامیوں میں شمار ہوتے ہیں، جبکہ رائے عامہ کے جائزوں میں برتری رکھنے والی دائیں بازو کی جماعتیں امیگریشن پر کہیں زیادہ سخت پابندیوں کی خواہاں ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button