پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے بعد عمران خان کو معافی کا پیغام بھیجوایا لیکن انہوں نے بات نہیں مانی۔
جمعے کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’9 مئی کے بعد بار بار پیغام بھجوایا کہ لاتعلقی کریں اور معافی مانگیں، اس لیڈر (عمران خان) نے بات نہیں مانی اور اپنی پارٹی کو بند گلی میں پہنچا دیا۔‘
انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ہر بیان میں جھوٹ بولتے تھے جس سے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ متاثر ہوئی۔
مسلم لیگ ن کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ ن ہماری سیاسی یار ہے اور شہباز شریف مسلم لیگ ن کے نہیں پیپلز پارٹی کے وزیراعظم ہیں۔‘
’شہباز شریف انتھک کام کرنے والے آدمی ہیں اور آج تک ان سے بہتر کام کرنے والا انسان نہیں دیکھا۔‘