پاکستان کے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اگلے عام انتخابات 11 فروری کو ہوں گے۔
جمعرات کو الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل شہریار سواتی نے سپریم کورٹ کو اگلے عام انتخابات کی تاریخ دیتے ہوئے بتایا کہ حلقہ بندیوں کا عمل حتمی مرحلے میں ہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے ہمراہ روسٹرم پر آ کر بتایا کہ ’مشاورت ہو چکی ہے، حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہے جو حتمی مرحلے میں ہے اور اس وقت ہم یہ اعلان کر رہے ہیں کہ 11 فروری کو عام انتخابات ہوں گے۔‘
تین رکنی عدالتی بینچ کے سامنے تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر اور پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عام انتخابات آئین میں دی گئی مدت 90 دن میں کرانے کے حق میں دلائل دیے۔
پیپلز پارٹی کے وکیل نے بتایا کہ ’وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ الیکشن أئین کے مطابق وقت پر ہوں اور اس میں باہر سے کوئی مداخلت نہ کی جائے کیونکہ یہ مکمل طور پر الیکشن کمیشن کا اختیار ہے تاہم تاریخ کا اعلان صدر مملکت کو کرنا چاہیے تھا جو وہ کرنے میں ناکام رہے۔‘
چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ صدر عارف علوی سے مشاورت کی جائے۔