کاروبار

چوہدری شافع حسین سے کوثرتقدیس گیلانی کی ملاقات، خواتین کی ترقی و کاٹیج انڈسٹری کے فروغ بارے تبادلہ خیال

وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے بے مثال کام ہورہا ہے، خواتین سرمایہ کاروں کو معاشی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں

پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے آزاد کشمیر کی سمال انڈسٹری اینڈ ٹریڈکی وزیر کوثر تقدیس گیلانی نے ان کے آفس میں ملاقات کی جس میں پنجاب میں خواتین کی ترقی، خواتین سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی اور کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
صوبائی وزیرچوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے بے مثال کام ہورہا ہے، خواتین سرمایہ کاروں کو معاشی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی ہینڈی کرافٹس دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں لہذا لاہور ایئر پورٹ پر دوبارہ ہینڈی کرافٹس کی شاپ کھولی جائے گی،
صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین سرمایہ کاروں کی بزنس سکل بہتر بنانے کیلئے ویمن ریسورس سینٹر میں تربیت فراہم کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے معیار کی بہتری کیلئے ٹیوٹا اداروں، کورسز اور لیبز کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے،اسی طرح ٹیوٹا اداروں میں سٹچنگ اور سولر ٹیکنالوجی کورسز شروع کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ انڈسٹری کی سولر انرجی پر منتقلی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے،
پنجاب میں سولر پینلز کی مینو فیکچرنگ کے کارخانے لگانے کیلئے 20سے زائد غیر ملکی کمپنیوں سے بات کرچکا ہوں، انہوں نے بتایا کہ بچے اور بچیوں کو چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 3ماہ کے آئی ٹی شارٹ کورسز مفت کرائے جا رہے ہیں، چوہدری شافع حسین نے کہا کہ کاغذی کارروائی پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہوں اس لئے کسی بھی سکیم اور پروگرام کی کامیابی کے کیلئے مکمل فالواپ کیا جاتا ہے۔
وزیر آزاد کشمیر کوثر تقدیس گیلانی نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے پنجاب آئی ہوں، آزاد کشمیر میں سمال انڈسٹری کے فروغ کیلئے پنجاب کے تجربات سے استفادہ کریں گے، کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کے لئے محکمہ صنعت و تجارت پنجاب کے ساتھ مل کرکام کریں گے، آزاد کشمیر کی وزیر نے ایم ڈی پیسک سدرہ یونس کے ہمراہ ڈیوس روڈ پر ہینڈی کرافٹس شاپ کا دورہ بھی کیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button