اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستان: پی ٹی ایم کے جرگے میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، تین کارکنوں کی ہلاک

پولیس یا حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ تین لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔

پشاور(بیورورپورٹ): پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) نے دعویٰ کیا ہے کہ جمرود میں ‘پشتون قومی عدالت’ کے سلسلے میں لگائے گئے اُن کے کیمپ پر پولیس کی فائرنگ سے تین کارکن ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس یا حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ تین لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
جرگے پر پولیس کی ریڈ کے دوران متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جرگے کے مقام پر پولیس نے کنٹرول سنبھال لیا ہے جب کہ صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی پی ٹی ایم کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔
حکام نے پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین سمیت درجنوں کارکنوں اور عہدے داروں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ دوسری جانب منظور پشتین نے ہر حال میں 11 اکتوبر کو جرگہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پی ٹی ایم کے کارکن ایک اور مقام پر جمع ہو کر پنڈال سجانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پی ٹی ایم نے 11 اکتوبر کو ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں صوبے میں بے امنی کے خلاف ‘پشتون قومی عدالت’ کے نام سے ایک جرگہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
صوبے بھر سے اس تنظیم میں شامل کارکن اور رضاکار پشاور سے ملحقہ قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے علاقے غنڈی کے مقام پر پنڈال میں جمع ہو رہے تھے۔ وفاقی حکومت نے چند روز قبل پشتون تحفظ تحریک کو کالعدم جماعت قرار دے دیا تھا۔ فیصلے کے خلاف تنظیم نے پشاور ہائی کورٹ سے رُجوع کر رکھا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ نے بدھ کو سماعت کے دوران پی ٹی ایم کو ہدایت کی ہے کہ انسدادِ دہشت گردی قانون کے تحت اس پابندی کے خلاف اپیل دائر کی جائے۔ عدالت نے سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ دخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کا ساتھ دینے والوں کے خلاف کارروائی اور شناختی کارڈ بلاک ہو گا۔
بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جرگے پر اعتراض نہیں مگر کسی کو متوازی عدالت لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button