اہم خبریںپاکستان

اسلام آباد اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری، حوثیوں کے حملوں کی سخت مذمت، اجتماعی دفاع، مشترکہ دفاعی ٹیکنالوجی اور عسکری تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

تمام فریقوں نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا، جن میں اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر فریق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام شامل ہے۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service
سید عاطف ندیم-ادارت

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے اسلام آباد میں مکہ اتحاد برائے دفاع کی سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے تعاون اور کوششوں کو جاری رکھا جائے گا اور انہیں مزید تیز کیا جائے گا۔

جمعے کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کی۔

سعودی وفد میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے۔

ترکیہ کے وفد میں وزیر خارجہ ہاکان فیدان، وزیر قومی دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل سیلچوک بیر اکتار اوغلو شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کے مطابق ’کمیٹی نے خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تینوں ممالک علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اجتماعی طور پر کام جاری رکھیں گے۔‘

کمیٹی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب میں شہریوں اور بنیادی شہری ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے مسلسل اور گھناؤنے حملوں کی سخت مذمت کا اعادہ کیا اور یہ عزم بھی دہرایا کہ معاہدے کی اجتماعی دفاعی شقوں کے مطابق سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے تعاون اور کوششوں کو جاری رکھا جائے گا اور انہیں مزید تیز کیا جائے گا۔

تمام فریقوں نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا، جن میں اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر فریق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام شامل ہے۔

کمیٹی نے 31 اگست 2026 کو استنبول میں ہونے والے اپنے افتتاحی اجلاس اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں ہونے والے ہنگامی اجلاس کے نتائج کا حوالہ دیا۔ کمیٹی نے ان اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا، خصوصاً وہ فیصلے جو اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے اور قومی قوانین کے مطابق اجتماعی دفاعی وعدوں کے عملی نفاذ سے متعلق تھے۔

تمام فریقوں نے دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا (فوٹو: دفترِ خارجہ)

کمیٹی نے سعودی عرب میں اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کی رفتار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ سیکریٹریٹ اتحاد کے ادارہ جاتی کام اور مؤثر رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔

کمیٹی نے جاری سیاسی اور فوجی مشاورت کے نتائج کا بھی جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی دلچسپی کے معاملات پر تعاون اور رابطوں کو فروغ دینے، علاقائی کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کرنے اور بات چیت و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے لیے مشاورت جاری رکھی جائے گی۔

تمام فریقوں نے دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، تاکہ ان کی مسلح افواج کی مشترکہ صلاحیت اور ہم آہنگی کو بہتر بنایا جا سکے، باہمی سکیورٹی خدشات سے نمٹا جا سکے اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ میں کردار ادا کیا جا سکے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button