بین الاقوامیتازہ ترین

یاسین ملک کیس پر سپریم کورٹ نے اجمل قصاب کے منصفانہ ٹرائل کا حوالہ دیا

یاسین ملک کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے ایک الگ کیس میں پہلے ہی عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔

دہلی(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌سپریم کورٹ آف انڈیا نے کشمیری علیحدگی پسند رہنما اور کالعدم قرار دی گئی تنظیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک کی گواہوں سے جرح کے لئے ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں دہشت گرد اجمل قصاب کو بھی منصفانہ ٹرائل کا حق دیا گیا تھا۔ یاسین ملک، جو اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں، نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ انہیں گواہوں سے براہ راست جرح کرنے کے لئے ذاتی طور پر پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔ یاد رہے کہ یاسین ملک 1989ء میں چار بھارتی فضائیہ اہلکاروں کے قتل اور اُس وقت کے مرکزی وزیر داخلہ مفتی محمد سعید کی دختر رابیعہ سعید کے اغوا کے معاملات میں پر کورٹ میں سماعت ہو رہی ہے۔ یاسین ملک کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے ایک الگ کیس میں پہلے ہی عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ جبکہ این آئی اے نے کورٹ نے یاسین ملک کو پھانسی دئے جانے کی بھی سفارش کی ہے۔
سماعت کے دوران سی بی آئی کے وکیل سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ یاسین ملک پاکستان کے کئی دورے کر چکا ہے اور اقوام متحدہ کی جانب سے کالعدم قرار دیے گئے دہشت گرد حافظ سعید کے ساتھ ایک اسٹیج بھی شیئر کیا ہے۔ انہوں نے ملک کو صرف ایک دہشت گرد قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کیسز میں معمول کے قوانین پر عمل نہیں کیا جا سکتا۔ جسٹس ابھیہ ایس اوکا اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح پر مشتمل بینچ نے تشار مہتا سے سوال کیا کہ کسی ملزم کو گواہوں سے جرح کرنے کا حق کیسے محدود کیا جا سکتا ہے۔ جس پر سالیسٹر جنرل نے سیکورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کو ذاتی طور پر عدالت لانے میں خطرات ہیں اور یہ کہ جیل میں ہی عدالتی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
جسٹس اوکا نے کہا کہ گواہوں سے جرح کے لئے ویڈیو کانفرنسنگ کو مؤثر طریقہ نہیں سمجھا جا سکتا، خاص طور پر اگر رابطہ ناقص ہو۔ تاہم سالیسٹر جنرل نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے یہ ممکن ہے۔ عدالت نے تجویز دی کہ اگر ملک عدالت میں پیش ہونے پر اصرار کرتے ہیں تو جیل میں ہی ایک عارضی عدالت قائم کی جا سکتی ہے۔ تشار مہتا نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی کہ اس مقصد کے لئے دہلی میں اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ سالیسٹر جنرل نے کہا کہ دہشت گردی کے مقدمات میں سکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہیئے، کیونکہ ماضی میں ایسے گواہ قتل کئے جا چکے ہیں۔ عدالت نے سی بی آئی کو ہدایت دی کہ مقدمے میں شامل تمام ملزمان کو فریق بنایا جائے اور نئی درخواست دائر کی جائے۔ سپریم کورٹ نے کیس کی اگلی سماعت آئندہ جمعرات کو مقرر کی ہے اور سی بی آئی کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام گواہوں اور ملزمان کے بارے میں معلومات فراہم کرے تاکہ مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button