اہم خبریںپاکستان پریس ریلیز

پنجاب بھر میں بیوٹیفکیشن مہم ،منصوبوں کے اہداف مقرر

بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے لیے ڈیش بورڈ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جسے روزانہ اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے

انصار ذاہد-پاکستان.وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت صوبے کی بیوٹیفکیشن سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہر ضلع، ہر تحصیل اور ہر شہر کے بیوٹیفکیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے بیوٹیفکیشن منصوبوں کی تصاویر اور پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے فیز کی تکمیل کا ہدف فروری سے مئی تک مقرر کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 39 اضلاع میں 132 بیوٹیفکیشن اسکیمیں 16 ارب 90 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی جائیں گی، جبکہ 97 اسکیموں کے ورک آرڈر جاری کر دیے گئے ہیں اور 88 پراجیکٹس پر کام شروع ہو چکا ہے۔

لاہور میں 18، سرگودھا میں 6، بہاولپور میں 16، گوجرانوالہ میں 12، راولپنڈی میں 17، فیصل آباد میں 13، ملتان میں 8 اور ساہیوال میں 24 بیوٹیفکیشن پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ صوبے کے 33 اضلاع میں بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ ان منصوبوں میں قدیمی دروازوں کی بحالی، بازاروں میں فائبر گلاس و ٹین سائل کور کی تنصیب، واٹر فیچرز، مصنوعی آبشاریں، مرکزی بازاروں میں گرین بیلٹس، تیزی سے بڑھنے والے پودوں کی شجرکاری اور فٹ پاتھوں پر خوبصورت کلر ٹائلز لگانے کے اقدامات شامل ہیں۔

بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے لیے ڈیش بورڈ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جسے روزانہ اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب میں ڈی سی کی طرح اسسٹنٹ کمشنروں کے بھی کے پی آئیز مقرر کیے جائیں گے اور کھلے مین ہول، ٹوٹی سڑکیں، گندگی، کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی گرین بیلٹس اور خراب پینٹ کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔ تجاوزات نظر آنے پر اسسٹنٹ کمشنر کی جوابدہی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع، شہر اور قصبے کو مکمل طور پر بیوٹی فائی کیا جائے گا۔ صرف ایک بازار نہیں بلکہ ہر کونا صاف ستھرا اور خوبصورت دکھائی دینا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اپ گریڈیشن کے دوران عوام کی سہولت کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔

رحیم یار خان میں چھ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس 31 مارچ تک مکمل ہوں گے۔ بہاولپور میں بابا فرید گیٹ اور الصادق مسجد کی قدیمی صورت بحال کی جائے گی اور کھڑکیوں پر ووڈ بالکونیاں بھی بنائی جائیں گی۔ بہاولنگر، فورٹ عباس، منچن آباد اور چشتیاں میں پانچ بیوٹیفکیشن پلان 30 جنوری تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ منچن آباد اور چشتیاں کے پلان کو ری ڈیزائن کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

فیصل آباد کے 121 سال قدیم گھنٹہ گھر اور بازار تجاوزات سے پاک کر دیے گئے ہیں اور اپ گریڈیشن جاری ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ اور گوجر میں تین بیوٹیفکیشن پلان فروری تک مکمل ہوں گے۔ جھنگ، شورکوٹ اور 18 ہزاری کے منصوبوں کے لیے 30 اپریل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ چنیوٹ کی روایتی فرنیچر مارکیٹ کو جدید ڈیزائن میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے پورے گوجرانوالہ کو نئی اور خوبصورت شکل دینے کی ہدایت بھی جاری کی، جبکہ نارووال، شکرگڑھ اور ظفر وال میں تین بیوٹیفکیشن اسکیمیں 31 مئی تک مکمل ہوں گی۔ انہوں نے گجرات شہر کی اپ لفٹنگ کا پلان تین روز میں طلب کر لیا ہے۔ سیالکوٹ کے اقبال منزل بازار اور ملحقہ گلیوں کی اپ گریڈیشن 31 مئی تک مکمل ہوگی۔ راولپنڈی کے راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ ایریا کو جدید شکل دی جائے گی۔ اٹک اور احسن ابدال میں دو پراجیکٹس مکمل کیے جائیں گے۔ چکوال کے چھپڑ بازار کا نام تبدیل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے 30 مارچ تک کام مکمل کرنے کا حکم دیا گیا۔ جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادن خان میں 397 ملین روپے کی لاگت سے چار بیوٹیفکیشن پراجیکٹس مکمل کیے جائیں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button