
جرمنی میں ملازمت اور تعلیم کے خواہش مند پاکستانی ویزے کے لیے کیسے اپلائی کر سکتے ہیں؟
اس نئے نظام کا مقصد ویزے کے عمل کو زیادہ مؤثر، تیز اور شفاف بنانا ہے تاکہ درخواست دہندگان کو سہولت فراہم کی جا سکے اور ویزے کی دستیابی میں اضافہ ہو سکے۔
ناصر خان خٹک-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز ،جرمن قونصلیٹ کے ساتھ
جرمن قونصلیٹ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ جرمنی جانے کے خواہش مند افراد کے لیے ملازمت اور طلبا ویزے کی کیٹگریز اب مکمل طور پر قونصلر سروس پورٹل پر منتقل کر دی گئی ہیں۔
جمعرات کو جاری کردہ بیان میں جرمن قونصلیٹ نے کہا ہے کہ اس نئے نظام کا مقصد ویزے کے عمل کو زیادہ مؤثر، تیز اور شفاف بنانا ہے تاکہ درخواست دہندگان کو سہولت فراہم کی جا سکے اور ویزے کی دستیابی میں اضافہ ہو سکے۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ان دو کٹیگریز میں موجودہ انتظار کی فہرستیں (ویٹنگ لسٹ) اب بند کر دی گئی ہیں اور جلد حذف کر دی جائیں گی۔ جن درخواست دہندگان کو پہلے سے اپائنٹمنٹ مل چکی ہے، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرانے نظام کے مطابق اپنی اپائنٹمنٹ مکمل کریں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی درخواست دہندہ اپنی پیش رفت سے محروم نہ ہو اور پہلے سے طے شدہ اپائنٹمنٹس پر عمل درآمد جاری رہے۔
دیگر تمام افراد جو جرمن ویزے کے خواہش مند ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ اپنی درخواستیں قونصلر سروس پورٹل کے ذریعے شروع کریں۔ آن لائن درخواستیں 12 دسمبر 2025 سے جمع کروائی جا سکیں گی۔
جرمن قونصلیٹ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام درخواست دہندگان کے لیے سہولت فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ نئے پورٹل کے ذریعے درخواست دہندگان اپنی تمام معلومات، دستاویزات اور اپائنٹمنٹ کی تفصیلات آن لائن فراہم کر سکیں گے۔

امیگریشن امور کے ماہر سینیئر صحافی صلاح الدین کے مطابق جرمن قونصلیٹ کی یہ کوشش جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے درخواست دہندگان کو سہولت فراہم کرنے اور ویزے کے عمل میں تاخیر کو کم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے نظام سے شہریوں کو ویزے کے لیے اپائنٹمنٹ لینے، درخواست جمع کروانے اور عمل کی تفصیلات دیکھنے میں آسانی ہو گی۔ اس کے علاوہ آن لائن پورٹل کی مدد سے جرمن قونصلیٹ درخواستوں کا جائزہ زیادہ منظم انداز میں لے سکے گا، جس سے دونوں طرف سے وقت اور وسائل کی بچت ہو گی۔



