وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی باکو میں مصروفیات کا آغاز، آذربائیجان کے قومی رہنماؤں اور شہداء کو خراجِ عقیدت
پاکستان اور آذربائیجان کے عوام کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے موجود ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے جذبات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں,وزیراعلیٰ مریم نواز شریف
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اپنی سرکاری مصروفیات کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے آذربائیجان کے بابائے قوم حیدر علییف کے مقبرے پر حاضری دی اور انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے باکو پہنچنے کے بعد سب سے پہلے حیدر علییف کے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے آذربائیجان کے قومی رہنما کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حیدر علییف نے آذربائیجان کی تعمیر و ترقی، استحکام اور قومی خودمختاری کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات باہمی احترام، بھائی چارے اور اعتماد پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہمراہ موجود وفد نے بھی بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی اور آذربائیجان کی قومی قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خضر فرہادوف اور دیگر سفارتی حکام بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ موجود تھے۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے باکو میں قائم یادگار “کوچہ شہداء” کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آذربائیجان کے قومی شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہداء کی تصاویر کے سامنے پھول رکھ کر ان کی لازوال قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ قوموں کی آزادی، خودمختاری اور وقار کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے شہداء نے اپنے وطن کی حفاظت کے لیے بے مثال قربانیاں دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے عوام کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے موجود ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے جذبات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
وفد کے شرکاء نے بھی آذربائیجان کے قومی شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنتی ہیں۔
سیاسی و سفارتی حلقوں کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دورہ باکو پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ مبصرین کے مطابق اس دورے کے دوران باہمی تعاون، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دوسری جانب آذربائیجان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور مختلف سفارتی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں مزید گرمجوشی پیدا ہوگی۔



