پاک فضائیہ کے سربراہ اور بحرین کے نیشنل گارڈز کے سربراہ کی اہم ملاقات، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
بحرینی نیشنل گارڈز کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان عسکری سطح پر تعاون باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے
بحرین کے نیشنل گارڈز کے سربراہ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے اپنے سرکاری دورۂ پاکستان کے دوران پاک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، عسکری روابط، تربیتی پروگراموں اور سکیورٹی شعبے میں اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کمانڈ ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں بحرینی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر بحرین کے نیشنل گارڈز کے اسسٹنٹ چیف آف سٹاف برائے آپریشنز اینڈ ٹریننگ بریگیڈیئر شیخ سلمان بن محمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور شعبہ صدارتی دیوان کے سربراہ بریگیڈیئر محمد عبداللہ ربیعہ بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک کے اعلیٰ عسکری حکام نے خطے کی سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور مستقبل میں مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے پاکستان اور بحرین کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور عسکری تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید آپریشنل مہارت اور قومی دفاع میں اس کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بحرینی نیشنل گارڈز کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان عسکری سطح پر تعاون باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تجربات کے تبادلے، تربیتی پروگراموں، پیشہ ورانہ روابط اور کوآرڈینیشن کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بحرین پاکستان کا ایک قریبی دوست اور برادر ملک ہے، جس کے ساتھ تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحرینی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور نئی راہیں ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ ترقی، جدید تربیتی نظام، فضائی دفاعی صلاحیتوں اور تکنیکی جدت کے مختلف پہلوؤں سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان عسکری تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ دونوں ممالک مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ سکیں۔
ملاقات کے دوران دونوں فوجی سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، عسکری تربیت، دفاعی تعاون اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے تعاون کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری رابطوں اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ دفاعی شعبے میں موجود تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔
قبل ازیں بحرین کے نیشنل گارڈز کے سربراہ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے۔ راولپنڈی کے پی اے ایف بیس نور خان پر ان کا استقبال پاکستانی عسکری حکام، حکومتی نمائندوں، پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمداور بحرینی سفارت خانے کے سینئر اہلکاروں نے کیا۔
دفاعی مبصرین کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کا مظہر ہے۔ دونوں ممالک نہ صرف سیاسی اور سفارتی سطح پر قریبی تعلقات رکھتے ہیں بلکہ سکیورٹی، دفاع، انسداد دہشت گردی، تربیت اور پیشہ ورانہ عسکری تعاون کے شعبوں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کیے ہوئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے اعلیٰ سطحی عسکری تبادلے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان اعتماد کو مزید مستحکم کرتے ہیں اور مشترکہ تربیتی پروگراموں، دفاعی تعاون اور سکیورٹی اشتراک کو نئی جہت فراہم کرتے ہیں۔ یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ دفاعی مفادات کے فروغ کے لیے بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بحرین کے نیشنل گارڈز کے سربراہ کا یہ دورہ اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اور بحرین اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی شعبے میں تعاون کو نئی سطح تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی، اعتماد اور باہمی تعاون کے رشتے مزید مستحکم ہوں گے۔