پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب فاریسٹ فورس کی ٹمبر مافیا کے خلاف بڑی کارروائی

مانسہرہ کے جنگلات سے چوری شدہ لکڑی کی بھاری کھیپ راولپنڈی میں پکڑی گئی، 55 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد

انصار ذاہد سیال-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جنگلات کے تحفظ اور لکڑی کی غیر قانونی کٹائی و بین الصوبائی سمگلنگ کے خلاف پنجاب فاریسٹ فورس کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ جنگلات پنجاب نے راولپنڈی فاریسٹ فورس کے ذریعے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے مانسہرہ کے جنگلات سے مبینہ طور پر چوری کی گئی بیش قیمت لکڑی کی بڑی کھیپ برآمد کر لی۔
ترجمان محکمہ جنگلات کے مطابق راولپنڈی فاریسٹ فورس نے گوجرخان چیک پوسٹ پر انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک ٹرک کو روک کر تلاشی لی۔ دورانِ تلاشی ٹرک میں سبز چیڑ (Green Pine) کی تقریباً 700 مکعب فٹ قیمتی لکڑی موجود تھی، جس کے قانونی دستاویزات پیش نہیں کیے جا سکے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ لکڑی خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے جنگلات سے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی تھی اور اسے پنجاب منتقل کیا جا رہا تھا۔
محکمہ جنگلات نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لکڑی سے بھرے ٹرک کو قبضے میں لے کر سیل کر دیا جبکہ ملوث افراد کے خلاف متعلقہ جنگلاتی قوانین کے تحت مقدمات درج کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ محکمہ نے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث عناصر پر 55 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی صرف ایک ٹرک تک محدود نہیں بلکہ اس کے پیچھے سرگرم ممکنہ سمگلنگ نیٹ ورک اور ٹمبر مافیا کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ صوبائی حکام کے تعاون سے اس بات کی تحقیقات جاری ہیں کہ لکڑی کی غیر قانونی ترسیل میں کون کون سے افراد یا گروہ ملوث ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب فاریسٹ فورس اور راولپنڈی فاریسٹ ڈویژن کی ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی واضح ہدایات کے مطابق جنگلات کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور ٹمبر مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جنگلات کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ غیر قانونی کٹائی، لکڑی کی سمگلنگ اور جنگلاتی وسائل کے ناجائز استعمال میں ملوث کسی فرد یا گروہ کو رعایت نہیں دی جائے گی، چاہے اس کا تعلق کسی بھی علاقے یا اثر و رسوخ سے ہو۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان کے جنگلات قومی دولت اور قدرتی سرمایہ ہیں، جو ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات میں کمی، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان قیمتی وسائل کا تحفظ حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے جدید نگرانی، بین الصوبائی تعاون اور سخت قانونی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں محکمہ جنگلات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جہاں فیلڈ فورس کی استعداد کار میں اضافہ، چیک پوسٹس کی نگرانی کو مؤثر بنانا، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی سمگلنگ کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
محکمہ جنگلات کے مطابق آئندہ بھی صوبے کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں اور بین الصوبائی چیک پوسٹس پر نگرانی مزید سخت کی جائے گی تاکہ جنگلاتی وسائل کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکا جا سکے۔ محکمہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کہیں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی یا لکڑی کی سمگلنگ سے متعلق معلومات ہوں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ قومی اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت جنگلات کے تحفظ، ماحول دوست پالیسیوں کے فروغ اور ٹمبر مافیا کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی بلاامتیاز جاری رہے گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button