
گلاسگو: معروف ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو VI (GTA VI) بنانے والی کمپنی راک اسٹار گیمز کے خلاف 31 ملازمین کی برطرفی کا مقدمہ گلاسگو کی ایمپلائمنٹ کورٹ میں شروع ہوگیا، جس کی سماعت 10 ستمبر سے 16 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
راک اسٹار گیمز نے اکتوبر 2025 میں برطانیہ میں 31 ملازمین کو خفیہ معلومات شیئر کرنے کے الزام میں ملازمت سے برطرف کیا تھا، جس کے بعد کمپنی کے دفاتر کے باہر احتجاج بھی کیا گیا۔
انڈیپنڈنٹ ورکرز یونین آف گریٹ برٹن (IWGB) نے الزام عائد کیا ہے کہ ملازمین کو یونین سرگرمیوں میں حصہ لینے کی پاداش میں نشانہ بنایا گیا اور انہیں بلیک لسٹ کیا گیا۔ یونین کے مطابق کمپنی نے ملازمین کو تادیبی کارروائی کے بنیادی طریقہ کار اور اپیل کے حق سے بھی محروم رکھا۔
راک اسٹار گیمز کا مؤقف ہے کہ ملازمین نے نجی یونین چینل پر ڈسکارڈ کے ذریعے ایسے پیغامات شیئر کیے جو کمپنی کے رازداری کے معاہدوں کی خلاف ورزی تھے۔
سابق ملازم جیسن لیوس نے کہا کہ کسی نے تصور نہیں کیا تھا کہ کام کے حالات پر ایک دوسرے سے بات کرنا ان کی زندگیاں بدل دے گا۔ ان کے مطابق ملازمین نے اپنی ملازمت، آمدنی اور کمیونٹی کے ساتھ کئی برسوں کی محنت کے بعد گیم کی ریلیز دیکھنے کا موقع بھی کھو دیا۔
گرینڈ تھیفٹ آٹو سیریز 1997 میں پہلی گیم کی ریلیز کے بعد دنیا بھر میں 47 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت کرچکی ہے۔ GTA VI کی ریلیز 19 نومبر کو متوقع ہے، جبکہ گیم کی تیاری ایڈنبرا میں جاری ہے۔ گیم میں فلوریڈا سے متاثرہ ماحول میں دو جرائم پیشہ کردار، جیسن ڈووال اور لوشیا کیمینوس، مرکزی کرداروں میں شامل ہیں۔



