
ڈاکٹر برھان احمد اویس-پاکستان
لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مختلف علاقوں میں ایل پی جی 550 سے 650 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا نے رواں ماہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت 294 روپے 7 پیسے مقرر کر رکھی ہے، تاہم مارکیٹ میں سرکاری نرخ پر گیس دستیاب نہیں اور دکاندار من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔ قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہریوں کے ساتھ دکاندار بھی پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔ ہر سال موسم سرما کے آغاز پر ایل پی جی فروخت کرنے والے من مانا اضافہ کر کے عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے، ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔



