ملک بھر میںگیس بحران، اسلام آباد کے شہری کئی کئی گھنٹے گیس کی سہولت سے محروم
گزشتہ تین ماہ سے اہل محلہ سوئی گیس کے حوالے سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، ہفتہ اور اتوار کو تھوڑی بہت گیس آتی ہے باقی ایام میں گیس کا نام و نشان نہیں ہوتا
اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): گیس کی لوڈ شیڈنگ سے وفاقی دارالحکومت بھی متاثر اسلام آباد کے علاقہ مکین سوئی گیس کے کم پریشر سے پریشان،چولہے ٹھنڈے،گیس کا نام و نشان نہیں،بچے اور شہری بغیر ناشتے کے سکول اور دفتر جانے پر مجبور، بار بار شکایات کے اندراج اور درخواستیں دینے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، محکمہ سوئی گیس کے اعلٰی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ،مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاجا پارک روڈ بند کر دیں گے ،تفصیلات کے مطابق لین نمبر8 پارک روڈ چٹھہ بختاور اسلام آباد کے مکین جامع مسجد ابوبکر کے خطیب مولانا عبدالرؤف محمدی،چوہدری فیاض عالم ،شکیل احمد عباسی،ڈاکٹر نعمت اللہ،حاجی تصدق حسین، محمد سخاوت،محمد مستقیم،نصیر احمد عباسی ،عبدالواجد،محمد قاسم مستقیم، محمد عزیر شفیق اور دیگر نے کہا ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے ہم اہل محلہ سوئی گیس کے حوالے سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، ہفتہ اور اتوار کو تھوڑی بہت گیس آتی ہے باقی ایام میں گیس کا نام و نشان نہیں ہوتا،شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی سلینڈر کے استعمال سے گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے ،گیس نہ ہونے کے باوجود محکمہ کی طرف سے بھاری بل موصول ہو رہے ہیں جو سراسر زیادتی ہے، لین نمبر 8 کے مکینوں کا کہنا تھا کہ سیاسی نمائندوں کے دروازے بھی کھٹکھٹا چکے،محکمہ سوئی گیس کے دفتر میں بھی درخواستیں دے چکے ،وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر بھی شکایات درج کروا چکے مگر کہیں سے بھی شنوائی نہیں ہو رہی ،ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں، انہوں کے سوئی نادرن گیس کے اعلٰی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ہمارے مسئلے کو حل کروانے کے لیے فی الفور اقدامات کریں۔