پاکستان: خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال میں نرسری، بلڈ بنک، ہیپا ٹائٹس، این سی ڈی کلینکس کا افتتاح کیا
وزیر اعلی کے حکم پر نیوکرول ہسپتال کی اپگریڈیشن شروع،ہسپتالوں کی اپگریڈیشن سے مریضوں کے لوڈ مینجمنٹ میں بہتری آئے گی، خواجہ عمران نذیر
لاہور(نمائندہ خصوصی):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کے حکم پر گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال نیوکرول، لاہور کی اپگریڈیشن شروع کردی گئی۔ وزیر اعلی کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے نیوکرول گائنی ہسپتال میں نرسری، بلڈ بنک، ہیپاٹائٹس اور این سی ڈی کلینکس کا افتتاح کردیا ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر اندرون لاہور تمام ہسپتالوں کی اپگریڈیشن شروع کردی گئی ہے۔نیو کرول ہسپتال میں نرسری اور بلڈ بنک سے مقامی سطح پر مریضوں کو بہتر علاج معالجہ فراہم ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی اپگریڈیشن سے مریضوں کے لوڈ مینجمنٹ میں بہتری آئے گی۔شہری ڈسپنسریوں کی بھی مرحلہ وار اپگریڈیشن شروع کردی گئی ہے، وہاں کنسلٹنٹ تعینات کیئے جائیں گے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہر ایک ہسپتال کا تفصیلی جائزہ لیکر مسنگ فیسلیٹیز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے۔ ہسپتال کے دورہ کے دوران صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات گئے اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے مریضوں سے ادویات، ٹیسٹ، دیگر علاج معالجہ سے متعلق بھی دریافت کیا۔اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل حاجی نوید، چیئرمین ارشد بیگ، ملک واجد اور رضوان بٹ سمیت سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زوہیب حسن اور ایم ایس نیوکرول ہسپتال بھی موجود تھے۔