صوبائی وزیربرائے ایمرجنسی سروسز نے ریسکیو 1122کی بے مثال سروسز پر ریسکیورز کو سراہا
وفاقی وزیر برائے ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم بھکر کو 300,000 کے نقد انعام کے ساتھ ٹرافی دی
لاہور: وفاقی وزیر برائے ایمرجنسی سروسز، خواجہ سلمان رفیق نے انٹری نیشنل والنٹیئر ڈے سرٹ چیلنج 2024 کی جیتنے والی ٹیم کومبارکباد دی۔ وہ گزشتہ روز ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں منعقدہ انٹرنیشنل والنٹیئرڈے سرٹ چیلنج کی تقسیم انعامات کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔بھکر کی کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے سرٹ چیلنج میں پہلی پوزیشن حاصل کی، کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم گجرات دوسری جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن خیر پختون خواہ تیسری پوزیشن پر رہی۔ انہوں نے چائنہ کی والنٹیئر ٹیم سمیت پاکستان بھر سے شرکت کرنے والی والنٹیئر ٹیموں کی تعارف کی اور محفوظ و مستحکم معاشرے کے قیام اورہنگامی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے ضروری تیاریوں کوبہتر بنانے میں ان کے اہم کردار پربھی زور دیا۔ انہوں نے محترمہ دیبا شہناز اختر، ہیڈ آف کمیونٹی سیفٹی اینڈ انفارمیشن، ایکسرسائز کنٹرولر محمد احسن اور ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ایونٹ کے انعقاد کے لیے ریسکیو انسٹرکٹرز کی ایویلیویشن ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں انٹرنیشنل والنٹئیرڈے سرٹ چیلنج کا انعقادکیا گیاتاکہ پنجاب بھر میں قائم کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں،یونیورسٹیوں کی نمائندہ ٹیموں کے ساتھ ساتھ خطے اور پاکستان بھرکی دیگررضا کارٹیموں کی ہنگامی صورتحال کے لیے تیاریوں اور استعدادکار کو بڑھایا جاسکے۔ پاکستان بھر سے کل 62سرٹ/والنٹئیر ٹیموں بشمول چین کی ایک ٹیم نے 2 سے 5 دسمبر 2024ء تک چار روزہ چیلنج میں حصہ لیا۔تمام ٹیموں کو کمیونٹی ایکشن برائے ڈیزاسٹر رسپانس سکلز کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیاگیاجس میں انہیں حقیقت سے قریب تر ایمرجنسی ٖصورتحال جس میں زیادہ تعداد میں موجود زخمی لوگوں کی مدد،سرچ اینڈ ریسکیو کی تکنیک،زندگیاں بچانے کی مہارتیں،فرسٹ ایڈ،آگ لگنے اور پانی میں ڈوبنے کے واقعات میں کس طرح لوگوں کو ریسکیو کیا جاتا ہے شامل ہیں۔
امریکی قونصل جنرل ہیڈ آف لاہور آفس، محترمہ کرسٹن کے ہاکنز نے پنجاب ایمرجنسی سروس اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کو انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے سرٹ چیلنج-2024 کے انعقاد پر سراہا۔ انہوں نے ڈاکٹر رضوان نصیر اور ان کی ٹیم کی محفوظ و مستحکم معاشرے کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور اس کے لیے والنٹیئرز کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہنگامی صورتحال کی تیاریوں میں عالمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان میں محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے شروع کیے جانے والے پروگراموں کی حمایت کا یقین دلایا۔ محترمہ کرسٹن کے ہاکنز نے انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے سرٹ چیلنج-2024 میں بہترین کارکردگی والی ٹیموں کو مبارکباد دی، انہوں نے والنٹیئرز کو چیلنج میں حصہ لینے، ٹریننگ اور ایمرجنسی ریسپانس کی کوششوں میں مسلسل مصروف عمل رہنے پر حوصلہ افرائی کی۔ مزید برآں، محترمہ رومینا کوچیئس کلسٹر ہیڈ GIZ پاکستان نے زندگیاں بچانے اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے والنٹیئرز کی شمولیت اور ایمرجنسی سروسز کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کام کی جگہوں پرتحفظ اورٹریننگ میں بہتری کے لیے ریسکیو 1122 کے ساتھ GIZ کی شراکت داری پر زور دیا۔
قبل ازیں، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام معززمہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے سرٹ چیلنج-2024 میں حصہ لینے والی بلخصوص چیلنج کی فاتح ٹیموں کو مبارکباد دی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو کے 2004میں قیام سے لے کر اب تک کی کارکردگی پیش کی اور اس سفر کے مختلف پہلوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122کوملکی سطح پربہترین ایمرجنسی سروس بنانے کے لیے اپنی انتھک کوششوں اور تاریخی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا جنہیں آج عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پاک لائف سیور پروگرام شروع کرنے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عوام الناس خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پاک لائف سیور پروگرام موبائل ایپ پر رجسٹر ہوں اور زندگی بچانے کی اہم مہارتیں سیکھ کر ایک محفوظ ومستحکم پاکستان کے قیام میں مدد کریں۔
آخر میں وفاقی وزیر برائے ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم بھکر کو 300,000 کے نقد انعام کے ساتھ ٹرافی دی۔ جبکہ کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم گجرات نے 200,000 روپے نقد کے ساتھ رنر اپ ٹرافی حاصل کی اور الخدمت فاؤنڈیشن خیر پختون خواہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور 10000 روپے وصول کیے۔چین کی ٹیم کو تعریفی ٹرافی دی گئی۔