امریکا کے شہر نیویارک کے علاقے کوئنز میں ایک نائٹ کلب کے باہر اجتماعی فائرنگ کے واقعے میں 11 افراد زخمی ہو گئے
چار مسلح افراد نے نائٹ کلب کے باہر منتظر افراد پر فائرنگ کر دی۔ اس موقع پر تقریبا 80 افراد میوزک پارٹی میں شرکت کے لیے کلب کے باہر کھڑے تھے
(مدثر احمد-امریکا):امریکا کے شہر نیویارک کے علاقے کوئنز میں ایک نائٹ کلب کے باہر اجتماعی فائرنگ کے واقعے میں 11 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ امریکا کے شہر نیو اولینز میں ہونے والے خونی حملے کے چند گھنٹے بعد ہوا ہے۔نیویارک پولیس کے مطابق زخمیوں میں کسی کی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔ امریکی اخبار نیویارک پوسٹ نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ زخمیوں کو لانگ آئلینڈ اور کوہین میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
پولیس اور دیگر ذرائع نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کی شب 11:20 پر چار مسلح افراد نے نائٹ کلب کے باہر منتظر افراد پر فائرنگ کر دی۔ اس موقع پر تقریبا 80 افراد میوزک پارٹی میں شرکت کے لیے کلب کے باہر کھڑے تھے۔
اس سے قبل نیو اولینز کے علاقے فرنچ کوارٹر میں امریکی فوج کے 42 سالہ سابق اہل کار شمس الدین جبار نے سال نو کے جشن میں شریک لوگوں کو اپنے ٹرک سے رونڈ ڈالا تھا۔ واقعے میں 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔