
سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی نے نواز شریف آئی ٹی سٹی کے سیلی کون بلاک کی باقاعدہ منظوری دیدی
نیٹ سول آئی ٹی سٹی میں پاکستان کی پہلی جامع آئی ٹی یونیورسٹی قائم کریگا،ڈیٹا روکز کا پنجاب کی پہلی ایف ٹی اے سے منظور شدہ لیب بنانے میں اظہار دلچسپی
(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی سے منظور شدہ پنجاب کا پہلا ادارہ بن گیا،ایس ٹی زیڈ اے نے این ایس آئی ٹیسیلی کون بلاک کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ نوازشریف آئی ٹی سٹی میں دنیا کے بڑے اور نامور انٹرنیشنل آئی ٹی گروپس نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی کے سیلی کون بلاک میں 23 بڑی آئی ٹی کمپنیاں ادارے قائم کرنے کو تیار ہیں اوراس سلسلے میں ادارے یا آفس کے قیام کے لئے پلاٹ بھی لے لیے گئے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ لندن کا نامور ایمپیریل کالج نووے کیئر کے اشتراک سے میڈیکل کالج اور ہسپتال بنائے گا۔ نیٹ سول نواز شریف آئی ٹی سٹی میں پاکستان کی پہلی جامع آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرے گا۔ روٹس گروپ برطانوی وارک یونیورسٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچرکرے گا۔ اسی طرح معروف کمپنیاں ڈیٹا فورٹ اور ماری ٹیک بھی مشترکہ طور پر ٹئیر تھری اور ٹیئر فور ڈیٹا سنٹر بنائیں گے۔ ڈیٹا روکز نے پنجاب کی پہلی ایف ٹی اے سے منظور شدہ لیب بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ سی بی ڈی کے سی ای او عمران امین نے پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نوازشریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے لئے مزید موثر، تیز تر اور ضروری اقدامات کی ضرورت پر زوردیا۔