
پاکستان پنجاب میں ہیلتھ کارڈ جاری رکھنے اور مفت علاج کی فراہمی کا عزم برقرار، ادویات کی قلت کی خبروں کی تردید
انہوں نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ ادویات کی قلت موجود ہے، اور کہا کہ اس وقت سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کا وافر اسٹاک موجود ہے
لاہور نمائندہ خصوصی: صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے صحت کارڈ کے حوالے سے میڈیا پر زیر گردش خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں شعبہ صحت کی بہتری کے لیے جامع اور جدید اصلاحات نافذ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مد میں گزشتہ پانچ برسوں کے بقایاجات کی مد میں 22 ارب روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے واضح کیا کہ پنجاب کی عوام کے لیے ہیلتھ انشورنس پروگرام بلا تعطل جاری رہے گا اور سرکاری ہسپتالوں میں صحت کارڈ بند ہونے سے مفت علاج کی سہولیات متاثر نہیں ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ صحت کارڈ کو نجی ہسپتالوں تک محدود کرنے کا فیصلہ عوامی مفاد اور نظام صحت کی پائیداری کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت مالی ضروریات محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پوری کرے گا۔ انہوں نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ ادویات کی قلت موجود ہے، اور کہا کہ اس وقت سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کا وافر اسٹاک موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس ادویات کی خریداری اور سپلائی کے لیے 32 ارب روپے کی خطیر رقم موجود ہے، جس کے ذریعے ادویات کی بلاتعطل فراہمی جاری رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے عزم پر حکومت پنجاب پوری طرح قائم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رہیں گے۔
خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن روزانہ کی بنیاد پر ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت دستیاب رہے۔