
عوامی اداروں کی معلومات کی پیشگی فراہمی سے غلط معلومات کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکتا ہے: ایکزیکٹیو ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او سید کوثر عباس
ذمہ دار صحافت اور عوام کی بامعنی شمولیت کو بھی فروغ دیتی ہے۔
جہلم (مخدوم حسین چودری ) عوامی اداروں کی جانب سے معلومات کی بروقت اور پیشگی فراہمی معاشرے میں افواہوں، گمراہ کن خبروں اور دانستہ پھیلائی جانے والی غلط معلومات کے تدارک میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ حقِ معلومات ہر شہری کا بنیادی حق ہے جو بدعنوانی میں کمی، عوامی اعتماد کے فروغ اور خدمات کی بہتری میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
سید کوثر عباس، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او کے مطابق ضلعی سطح پر پبلک انفارمیشن افسران (PIOs) کی صلاحیتوں میں اضافہ سرکاری اداروں میں شفافیت اور کھلے پن کی ثقافت کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلومات کی پیشگی اور بروقت فراہمی نہ صرف غلط معلومات کے خلاف مضبوط ڈھال ثابت ہوتی ہے بلکہ ذمہ دار صحافت اور عوام کی بامعنی شمولیت کو بھی فروغ دیتی ہے۔
Sustainable Social Development Organization (ایس ایس ڈی او) نے Trust for Democratic Education and Accountability (TDEA) کے اشتراک سے ضلع جہلم کے مختلف محکموں کے PIOs کے لیے پنجاب شفافیت و حقِ معلومات ایکٹ کے مؤثر نفاذ پر تربیتی نشست کا انعقاد کیا۔ اس تربیت کا مقصد ادارہ جاتی شفافیت، بہتر عوامی خدمات اور عوامی اعتماد کو مضبوط کرنا تھا۔
شرکاء کو پبلک انفارمیشن افسران کے کردار، درخواست و جواب کے طریقۂ کار، قانونی مدت، اندرونی نظرِ ثانی، استثنیٰ کی شقیں اور عدم تعمیل پر سزاؤں سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر پنجاب انفارمیشن کمیشن کے کردار، شکایات کے ازالے کے طریقۂ کار اور شفاف حکمرانی میں اس کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
تربیتی نشست کے دوران شرکاء نے عملی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا اور معلومات کی فراہمی و استثنیٰ سے متعلق وضاحت حاصل کی۔ ایس ایس ڈی او نے پنجاب بھر میں شفافیت، احتساب اور عوام کے حقِ معلومات کے فروغ کے لیے اپنی صلاحیت سازی کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔




