
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ٹریفک حادثات کا المناک سلسلہ، مختلف اضلاع میں 10 افراد جاں بحق، 21 سے زائد زخمی
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں
مخدوم حسین-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
پنجاب کے مختلف اضلاع میں منگل کے روز پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں کم از کم 10 افراد جاں بحق جبکہ 21 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حادثات کی بڑی وجوہات میں تیز رفتاری، اوور ٹیکنگ اور شدید دھند شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ: ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چیچہ وطنی روڈ پر کمالیہ شوگر ملز کے قریب ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار بس، کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق چیچہ وطنی سے فیصل آباد جانے والی بس نے سڑک پر گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالیوں کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی اور تیز رفتاری کے باعث مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی۔ اسی دوران سڑک پر موجود ایک موٹر سائیکل سوار بھی بس کی زد میں آ گیا۔
جاں بحق افراد میں وہاڑی کے رہائشی محمد منشا (40)، ان کی اہلیہ ممتاز پروین (40)، بیٹی ماہنور (16) اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی محمد فیض (45) شامل ہیں۔ زخمیوں میں منشا کے دو بیٹے بلال (20)، حسن (8) اور ایک نامعلوم 60 سالہ خاتون شامل ہیں۔ تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کیا گیا۔
جھنگ: دھند کے باعث حادثہ، چار افراد زخمی
جھنگ میں فیصل آباد روڈ پر ایک ٹرک نے پک اپ کو پیچھے سے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق پولٹری سے بھری ایک پک اپ دھند کے باعث خراب ہو کر سڑک پر کھڑی تھی، جسے بچانے کی کوشش میں ٹرک بے قابو ہو کر ایک وین سے ٹکرا گیا۔ زخمیوں میں علی رضا (13)، صائمہ عابد (40)، عذرا پروین (35) اور مجتبیٰ (7) شامل ہیں جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ منتقل کر دیا گیا۔
ڈیرہ غازی خان: انڈس ہائی وے پر حادثہ، 3 افراد جاں بحق
ڈیرہ غازی خان میں انڈس ہائی وے پر بھابن کے قریب ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار رحیم یار خان سے ملتان جا رہی تھی اور شدید دھند کے باعث سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ شریف منتقل کر دیا گیا۔
اوکاڑہ: مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق
اوکاڑہ میں گھنی دھند کے دوران پیش آنے والے مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق غلہ منڈی لنک دیپالپور پاکپتن روڈ پر ایک منی بس نے کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں حجرہ شاہ مقیم کے رہائشی مبشر الحق سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گرین ٹاؤن لاہور کا رہائشی عمران زخمی ہو گیا۔
ایک اور واقعہ میں پپلی پہار-دیا رام روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی نے دو موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں زین موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی اظہر وزیر زخمی ہو گیا۔ جاں بحق اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال دیپالپور منتقل کیا گیا۔
گجرات: تین گاڑیوں کے تصادم میں 7 افراد زخمی
گجرات میں کھاریاں ڈنگہ روڈ پر دھونی سٹاپ کے قریب دو تیز رفتار کاروں اور ایک موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں رحیم (22)، حمزہ (21)، وجاہت (21)، راحت (19)، مبشر (19)، راحیلہ (45) اور سات سالہ فائق شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق تین ریسکیو گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا، تین زخمیوں کو کھاریاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جبکہ چار کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کھاریاں منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ کی اپیل
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، رفتار کم رکھیں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔



