مشرق وسطیٰتازہ ترین

کویتی ایئر ڈیفنس نے نئے میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دیے

اس بارے میں کویت سٹی میں ملکی وزارت خارجہ نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ ان 'بزدلانہ حملوں کے لیے ایران کو پوری طرح ذمے دار قرار دیتی ہے۔‘‘

اے ایف پی کے ساتھ

خلیجی عرب ریاست کویت کی وزارت دفاع نے پیر یکم جون کے روز کہا کہ اس نے اس ملک کے خلاف آج کیے گئے کئی نئے میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دیے۔ اس دوران مار گرائے گئے دو میزائلوں کا ہدف کویت میں امریکی فوجی دستے تھے۔

اسی دوران امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں فوجی حکام نے کہا کہ امریکی فورسز نے دو ایسے ایرانی میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے، جن کے ذریعے کویت میں تعینات امریکی فوجی دستوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔

کویتی فوج کی طرف سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں یکم جون کے روز لکھا گیا، ”کویتی فوج کا جنرل اسٹاف ملکی عوام کو مطلع کرنا چاہتا ہے کہ دھماکوں کی جو آوازیں سنی گئی تھیں، وہ کویتی ایئر ڈیفنس سسٹم کی طرف سے کی جانے والی اس کارروائی کا نتیجہ تھیں، جو کویت پر جارحانہ میزائل حملوں کو ناکام بنانے کے لیے کی گئی تھی۔‘‘

امریکی صدر ٹرمپ، فوجی سلامی کی ایک تصویر
امریکہ نے کویت میں کافی بڑی تعداد میں اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیںتصویر: Daniel Torok/Avalon/Photoshot/picture alliance

اس بارے میں کویت سٹی میں ملکی وزارت خارجہ نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ ان ‘بزدلانہ حملوں کے لیے ایران کو پوری طرح ذمے دار قرار دیتی ہے۔‘‘

دوسری طرف امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹ کام) نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ اس نے بروقت فضائی کارروائی کر کے دو ایسے ایرانی بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، جن کے ذریعے کویت میں تعینات امریکی فوجی دستوں کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

سینٹ کام کی طرف سے ایکس پر ایک بیان میں کہا گیا، ”ان میزائلوں کو فوری طور پر تباہ کر دیا گیا اور ان حملوں میں کوئی امریکی فوجی زخمی نہیں ہوا۔‘‘

مارچ کے آخر میں کویت سٹی کے ایئر پورٹ پر ایک ایرانی ڈرون حملے کے بعد لگنے والی آگ کی خلائی سیٹلائٹ سے لی گئی ایک تصویر
مارچ کے آخر میں کویت سٹی کے ایئر پورٹ پر ایک ایرانی ڈرون حملے کے بعد لگنے والی آگ کی خلائی سیٹلائٹ سے لی گئی ایک تصویرتصویر: European Space Agency/AFP

کویتی نیوز ایجنسی کُونا کے مطابق ان حملوں کے دوران اس عرب ریاست میں، جو امریکہ کی قریبی اتحادی ہے، فوری طور پر خطرے کے سائرن بجنا شروع ہو گئے تھے ۔

کُونا کے مطابق ایران کی طرف سے یہ میزائل اور ڈرون حملے اس فائر بندی کے باوجود کیے گئے، جو اس وقت امریکہ اور ایران کے درمیان جاری ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button