کاروبارتازہ ترین

پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے آٹو پالیسی کا جائزہ اجلاس

ایک مسابقتی، جدید اور پائیدار آٹو موٹیو ماحولیاتی نظام کی تشکیل ناگزیر ہے، جو معاشی ترقی، صنعتی استعداد میں اضافے، ہنر مند روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ماحول دوست مستقبل کے قیام میں معاون ثابت ہو۔

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آج آٹو اور آٹو پارٹس پالیسی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں خاص طور پر پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز (EVs) کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز کرنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران کمیٹی کو الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے فروغ، مقامی مینوفیکچرنگ کے استحکام، حکومتی معاون پالیسیوں کے ذریعے صنعت کی ترقی، نئی روزگار کے مواقع پیدا کرنے، برآمدات میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مسابقتی، جدید اور پائیدار آٹو موٹیو ماحولیاتی نظام کی تشکیل ناگزیر ہے، جو معاشی ترقی، صنعتی استعداد میں اضافے، ہنر مند روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ماحول دوست مستقبل کے قیام میں معاون ثابت ہو۔
اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پالیسی سازی کے عمل کو جامع اور مشاورتی بنانے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی قائم کی جائے گی، جو تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد پالیسی کے مسودے کو حتمی شکل دے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزرائے بجلی، پیٹرولیم اور موسمیاتی تبدیلی، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار، وزرائے مملکت برائے خزانہ اور ریلوے، معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹریز تجارت، صنعت و پیداوار اور پیٹرولیم، نیشنل کوآرڈینیٹر این سی ایم سی، متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام، ممتاز پالیسی ماہرین اور ماہرینِ اقتصادیات نے شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button