پاکستاناہم خبریں

ایرانی وزیر داخلہ پاکستان میں، آرمی چیف عاصم منیر سے ملاقات

پاکستان کی سیاسی قیادت اور چیف آف آرمی اسٹاف و دفاعی افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ ماہ امریکہ اور ایران کے درمیان عبوری معاہدہ طے کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

 سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے منگل کے روز پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر سے ملاقات کی، وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ دورہ ایسے وقت پر ہوا ہے، جب امریکہ اور ایران کے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں۔

دو سرکاری عہدیداروں نے، جنہوں نے بند کمرے میں ہونے والے مذاکرات کے باعث اپنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی، بتایا کہ اسکندر مومنی نے پاکستان کے آرمی چیف، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ توقع ہے کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

پاکستان کی سیاسی قیادت اور چیف آف آرمی اسٹاف و دفاعی افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ ماہ امریکہ اور ایران کے درمیان عبوری معاہدہ طے کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اسلام آباد اب بھی دونوں ممالک کو جون میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت باقی ماندہ اختلافات کے حل کے لیے دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

حکام نے فوری طور پر اس ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ یہ ملاقات ایسے وقت پر ہوئی جب تہران خلیجی عرب ممالک، جو امریکہ کے اتحادی ہیں، کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی
اسکندر مومنی اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کی دعوت پر اسلام آباد پہنچے ہیںتصویر: picture alliance/Iranian Presidency/ZUMA Press Wire

دو طرفہ تعاون پر بات چیت

اسکندر مومنی دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون، بالخصوص تجارتی روابط کے فروغ پر بھی بات چیت کریں گے۔

اسکندر مومنی اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کی دعوت پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔ ان کے ہمراہ ایرانی وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت ہائی وے و شہری ترقی، وزارت زراعت، قانون نافذ کرنے والے ادارے فراجا اور اسلامی جمہوریہ ایران کی کسٹمز انتظامیہ کے نمائندے بھی پاکستان کے دورے پر ہیں۔

اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر مذاکرات ہوں گے، جن میں سرحدی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی روابط، ٹرانزٹ اور زرعی شعبے میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق یہ دورہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی اس ہدایت کے تناظر میں ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ سالانہ تجارت کا حجم 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

پاکستانی آرمی چیف عاصم منیر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں
اسلام آباد اب بھی امریکہ اور ایران کو جون میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت باقی ماندہ اختلافات کے حل کے لیے دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں میں مصروف ہےتصویر: Iranian Foreign Ministry/AFP

امریکہ اب بھی ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار

ایرانی وزیر داخلہ ایسے وقت پر پاکستان پہنچے ہیں، جب ایران اور امریکہ کے درمیان مسلسل دسویں روز بھی حملوں کا تبادلہ جاری رہا۔

اس دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اب بھی ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم ”یہ مذاکرات حقیقی معنوں میں سنجیدہ ہونا چاہییں۔‘‘ البتہ یہ واضح نہیں کہ آیا تہران کوئی ایسی پیشکش کرے گا، جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ”حقیقی‘‘ پیش رفت قرار دیں۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے منگل کے روز کہا کہ اس نے ”ایرانی فوج کے کمانڈ سینٹرز، بحری فوجی صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچنگ سائٹس، اور فضائی دفاعی نظام‘‘ کو نشانہ بنایا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button