
پنجاب میں اے آئی کریکولم اور ٹریننگ انیشیٹو کا آغاز
مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے اے آئی کریکولم کا مقصد طلبہ کو مستقبل کی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے لیے تیار کرنا ہے
انصار ذاہد سیال-پاکستان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب کے تعلیمی نظام کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں اے آئی کریکولم اور ٹریننگ انیشیٹو کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد اساتذہ کو اے آئی کی تربیت دی جائے گی۔
اے آئی کریکولم اور ٹریننگ انیشیٹو کے افتتاحی پروگرام میں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔علی ڈار نے کہا کہ اے آئی کریکولم پنجاب میں تعلیم حاصل کرنے والے لاکھوں بچوں کو ہنرمند بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ پنجاب کے 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد اساتذہ کی اے آئی تربیت تعلیمی شعبے میں ایک بڑی تبدیلی کی بنیاد بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی کی تربیت سے اساتذہ جدید ٹیکنالوجی کو تدریس اور طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں گے۔ اساتذہ کو اے آئی کی عملی تربیت دے کر جدید تدریسی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔
مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے اے آئی کریکولم کا مقصد طلبہ کو مستقبل کی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے لیے تیار کرنا ہے۔ اے آئی تعلیم کو مزید مؤثر، جدید اور طلبہ کی ضروریات کے مطابق بنانے کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
علی ڈار نے کہا کہ اے آئی کے ذمہ دارانہ استعمال، ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجی کو پنجاب کے تعلیمی نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ اے آئی صرف ٹیکنالوجی نہیں بلکہ مستقبل کی تعلیم اور روزگار کی بنیادی مہارت بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اے آئی سے لیس تعلیمی نظام نئی نسل کو مستقبل کے مواقع کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ اے آئی کریکولم اور ٹریننگ پروگرام پر اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، پیکٹا، پی ایم آئی یو-پی ای ایس آر پی، یونیسیف اور آفس آف اے آئی مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔



