
راولپنڈی میں حساس سرکاری ڈیٹا بیرون ملک فروخت کرنے والا گروہ گرفتار، این سی سی آئی اے
کمیٹی نے سرکاری افسران کے لیے مقامی میسجنگ سپر ایپ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز سے متعلق ایک ماہ میں بریفنگ طلب کرلی۔
قیصر مغل- ادارت
این سی سی آئی اے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی میں ایک گروہ کو گرفتار کیا گیا ہے جو بیوروکریسی اور اعلیٰ اداروں سے وابستہ شخصیات کا حساس ڈیٹا رقم کے عوض بیرون ملک فروخت کر رہا تھا۔
حکام کے مطابق فراڈ سے حاصل رقم کرپٹو کرنسی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی جا رہی ہے، جبکہ غیرقانونی کال سینٹرز میں مختلف ممالک کے شہری بھی ملوث ہیں۔ بعض کال سینٹرز سے برآمد رقم متاثرین کو واپس کی گئی۔
کمیٹی نے سرکاری افسران کے لیے مقامی میسجنگ سپر ایپ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز سے متعلق ایک ماہ میں بریفنگ طلب کرلی۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پر نامناسب مواد اور توہینِ اسلام سے متعلق مواد پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ پاکستان میں روزانہ سوشل میڈیا سے متعلق تقریباً 500 شکایات موصول ہوتی ہیں۔
کمیٹی ارکان نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے انٹرنیٹ کے استعمال پر مزید سخت اقدامات کی تجویز بھی دی۔



