
سائبر کرائم اور آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے، وفاقی وزیر داخلہ
جعلی اکاؤنٹس، ڈیجیٹل بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم ، این سی سی آئی اے کو ایک جدید، مؤثر اور پروفیشنل سائبر کرائم فائٹنگ فورس بنایا جائے گا، محسن نقوی
سید عاطف ندیم-ادارت
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)سنٹرل زون ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، وفاقی وزیر داخلہ نے سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے شکایات سیل، فرانزک لیب سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، وفاقی وزیر داخلہ نے سائبر کرائم اور آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔
جعلی اکاؤنٹس، ڈیجیٹل بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔آن لائن ہراسانی اور فراڈ سے متعلق عوامی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر فوری ازالہ کیا جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مالیاتی فراڈ کی شکایت موصول ہونے پر فوری رسپانس یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرہ شہریوں کی رقوم کو بروقت محفوظ بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جا سکیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے زیر التوا سائبر کرائم کیسز کا جائزہ لینے اور ان کی تحقیقات کو تیزی سے منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور دیگر سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا خصوصی ترجیح ہے۔
انہوں نے شہریوں کے ڈیٹا، پرائیویسی اور مالیاتی معلومات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ
سائبر کرائمز کے مؤثر سدباب کے لیے NCCIA کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور تمام ضروری وسائل فراہم کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے این سی سی آئی اے کی ڈیجیٹل فرانزک اور تفتیشی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور جدید فرانزک ٹولز کے استعمال کو بڑھانے کی ہدایت کی۔انہوں نے افسران کی بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سائبر جرائم کی بدلتی ہوئی نوعیت سے نمٹنے کے لیے تحقیقاتی افسران کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے سائبر کرائم سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی مہم کو بھی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی تاکہ شہری آن لائن فراڈ اور دیگر سائبر خطرات سے خود کو محفوظ رکھ سکیں۔
ڈی جی این سی سی آئی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی، جاری تحقیقات، سائبر کرائم کے خلاف کارروائیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ NCCIA کو ایک جدید، مؤثر اور پروفیشنل سائبر کرائم فائٹنگ فورس بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون، قائمقام ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سنٹرل زون اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔



