
کک باکسنگ جیسے کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، برداشت اور مقابلے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر کھیل
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ساتویں نیشنل کک باکسنگ چیمپئن شپ 2026 کا افتتاح کر دیا،کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر
رانا ذاہد اشفاق-پاکستان
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے لاہور میں ساتویں نیشنل کک باکسنگ چیمپئن شپ 2026 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ تین روزہ قومی سطح کی چیمپئن شپ 13 سے 15 نومبر تک ڈی ایچ اے فیز 6 لاہور کے اسپورٹس کمپلیکس میں جاری رہے گی، جس میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی، کوچز اور آفیشلز شرکت کر رہے ہیں۔پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن (PKBF) کے زیر اہتمام اور ورلڈ ایسوسی ایشن آف کک باکسنگ آرگنائزیشنز (WAKO) اور WAKO Asia کے پلیٹ فارم کے تحت منعقد ہونے والی اس چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 180 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ ساتویں نیشنل کک باکسنگ چیمپئن شپ کا لاہور میں انعقاد پنجاب میں کھیلوں کے فروغ اور قومی سطح پر کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنے کیجانب ایک اہم قدم ہے۔ ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کا ٹیلنٹ موجود ہے اور نوجوان مختلف کھیلوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ، جدید اسپورٹس سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت پنجاب نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے قابل بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ کک باکسنگ ایک ایسا کھیل ہے جو جسمانی مضبوطی کے ساتھ ساتھ ذہنی پختگی، نظم و ضبط، خود اعتمادی، برداشت اور مشکل حالات میں فیصلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔ ایسے کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور ان کی توانائیوں کو تعمیری مقاصد کے لیے بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں شرکت بھی خوش آئند ہے۔ پنجاب حکومت خواتین کو کھیلوں کے میدان میں یکساں مواقع فراہم کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ خواتین کھلاڑی بھی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ قومی سطح کے ایسے مقابلے نئے ٹیلنٹ کی تلاش، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور پاکستان میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ قومی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے بھی اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر کھیل نے پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن اور تمام منتظمین کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تین روزہ چیمپئن شپ میں کھلاڑی بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے اور یہ ایونٹ پاکستان میں کک باکسنگ کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں مختلف ثقافتی پرفارمنسز پیش کی گئیں جبکہ پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن کے صدر سید شہریار علی نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ تقریب میں کھیلوں سے وابستہ شخصیات، منتظمین، کوچز، آفیشلز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



