تازہ ترینیورپ

جرمنی: جنسی زیادتی کیس میں آرچ بشپ پر چھ لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد

متاثرہ خاتون نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی، جس پر اعلیٰ علاقائی عدالت نے اہم نکات پر ان کے حق میں فیصلہ سنایا۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service
ڈی پی اے کے ساتھ

مغربی جرمنی کی ایک عدالت نے جمعرات کو کولون کے آرچ بشپ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی ایک خاتون کو 5 لاکھ 50 ہزار یورو یا (6 لاکھ ایک ہزار 865 ڈالر) ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

یہ رقم جرمنی کی کسی عدالت کی جانب سے کیتھولک چرچ میں جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے کسی فرد کو دیا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا ہرجانہ ہے۔ کولون کی اعلیٰ علاقائی عدالت کے مطابق اس سے قبل سب سے زیادہ ہرجانے کی رقم 3 لاکھ یورو تھی۔

عدالت کی جانب سے مقرر کردہ 5 لاکھ 50 ہزار یورو کی رقم میں سے 3 لاکھ 60 ہزار یورو منہا کیے جائیں گے، جو کیتھولک چرچ کے آزاد کمیشن برائے ادائیگیِ معاوضہ پہلے ہی متاثرہ خاتون کو ادا کر چکا ہے۔

خاتون نے کم از کم 8 لاکھ 30 ہزار یورو ہرجانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مقدمہ دائر کیا تھا۔ کولون کی علاقائی عدالت نے ابتدائی طور پر ان کا دعویٰ مکمل طور پر مسترد کر دیا تھا۔

معاملہ کیا تھا؟

عدالت میں یہ بات ثابت ہو گئی کہ خاتون کو 1970 اور 1980 کی دہائیوں میں،جب وہ کم سن تھیں ، ایک پادری نے شدید جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ جبکہ وہ  پادری کی منہ بولی بیٹی بھی تھیں۔ مذکورہ پادری کو 2022 میں 12 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

تاہم کولون کی علاقائی عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ آرچ بشپ کو پادری کے جرائم کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، کیونکہ اس نے یہ جرائم ”کم و بیش ایک نجی فرد کی حیثیت سے‘‘ انجام دیے تھے۔

متاثرہ خاتون نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی، جس پر اعلیٰ علاقائی عدالت نے اہم نکات پر ان کے حق میں فیصلہ سنایا۔

جرمنی کے ایک چرچ کا اندرونی منظر
مقدمے کی سماعت کرنے والے جج نے کہا کہ پادری نے خاتون سے اپنے کلیسائی فرائض کی آڑ میں جنسی تعلق قائم کیا تھاتصویر: Boris Breytman/Zoonar/picture alliance

چرچ کی ذمہ داری کی آڑ میں جرائم کا ارتکاب

مقدمے کی سماعت کرنے والے جج رالف پیٹر سوسنا نے کہا کہ پادری نے خاتون سے اس وقت اپنے کلیسائی فرائض کی آڑ میں جنسی تعلق قائم کیا تھا، جب وہ ڈیکن تھا اور اسے اپنی زیرِ کفالت بیٹی بنایا۔

سوسنا کے مطابق پادری کو چرچ میں ڈیکن کے طور پر اپنے عہدے اور مرتبے کو استعمال کرتے ہوئے بچوں کو اپنی زیرِ کفالت رکھنے کی اجازت حاصل کی تھی۔

نچلی عدالت کے برعکس اعلیٰ علاقائی عدالت نے پادری کی کلیسائی سرگرمیوں اور اس کی جانب سے کی جانے والی جنسی زیادتی کے درمیان تعلق تسلیم کیا۔

ججوں کے پینل نے اس فیصلے کے خلاف مزید اپیل کی اجازت بھی نہیں دی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button