وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت
ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کو چینی کی فروخت پر ٹیکس کی چوری، غیر دستاویزی فروخت اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کیلئے مشترکہ کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کو چینی کی فروخت پر ٹیکس کی چوری، غیر دستاویزی فروخت اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کیلئے مشترکہ کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس کی چوری کے سدباب کو یقینی بنایا جائے، شوگر کین کرشنگ سیزن شروع ہو رہا ہے، شوگر ملوں اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100 فیصد وصولی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر شوگر ملوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے چینی کی ذخیرہ اندوزی نہیں ہو سکے گی اور قیمتوں میں توازن رہے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر کیمروں کے ذریعے شوگر ملوں کے پیداواری عمل اور ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھی جائے گی، سیلز ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے شوگر سٹہ مافیا کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے سٹیل، سگریٹ، سیمنٹ اور مشروبات سمیت دیگر شعبوں میں بھی اسی طرح کے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔