سیدعاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بدھ کے روز پاکستانی فوج کا ایک MI-17 ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ فوج کی جانب سے فوری طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔
یہ حادثہ مظفرآباد کے قریب پیش آیا، جہاں اس وقت جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہڑتال اور احتجاج جاری تھا۔ مذکورہ کمیٹی پرحال ہی میں حکومت نے پابندی عائد کر دی ہے۔ تاہم فوج نے اس حادثے کو احتجاجی سرگرمیوں سے جوڑنے سے گریز کیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر نے ہیلی پیڈ سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد ہی توازن کھو دیا اور چند لمحوں میں زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ جائے وقوعہ سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ایمبولینسوں کے ذریعے زخمیوں اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
فوج کے بیان کے مطابق،’’ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔‘‘
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں رینجرز کے اہلکار سوار تھے، جو علاقے میں سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
گزشتہ دنوں علاقے میں کشیدگی اس وقت بڑھ گئی تھی جب ایک کالعدم تنظیم کے ارکان نے پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملہ کر کے چار اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔
ہیلی کاپٹر حادثے پر ملک کی اعلیٰ قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے لیے تعزیت کا پیغام جاری کیا۔
اس سے قبل ستمبر میں شمالی پاکستان میں ایک اور فوجی ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں دو پائلٹ اور تین ٹیکنیشنز ہلاک ہو گئے تھے۔