
فرانسیسی حکومت نے ملک میں عام کارکنوں کی کم از کم اجرت میں اگلے ماہ دسمبر کے آغاز سے 1.6 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان ملکی وزیر محنت ژاں پیئر فارانڈو نے پیر نو نومبر کے روز ملکی دارالحکومت پیرس میں کیا۔
فرانس میں ملکی حکومت گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل ان کوششوں میں ہے کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ سے اخراجات زندگی کے بہت زیادہ ہو جانے پر پائے جانے والے عوامی عدم اطمینان کو کم کر سکے۔
جین زی مظاہرے کی اپیل: کیا جرمنی فرانس بن سکتا ہے؟
اس عوامی عدم اطمینان کی وجہ سے یورپی یونین کے رکن اور جرمنی کے ہمسایہ اس ملک میں گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران ایسے شدید عوامی مظاہرے دیکھنے میں آ چکے ہیں، جن میں ملک میں حالت امن کے دوران شدید ترین بدامنی دیکھی گئی اور عوامی اور نجی املاک کو بھی وسیع تر نقصان پہنچا۔

فرانس میں پرتشدد احتجاج اور لوٹ مار، تقریباﹰ دو ہزار افراد گرفتار
فرانسیسی وزیر محنت کے اس اعلان سے قبل ملکی وزیر اعظم سباستیاں لکورنو نے پیر کے روز کارکنوں کی تنظیموں اور نجی شعبے کے ورکرز کی یونینوں کے نمائندوں سے ملاقات کی، اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ملکی کارکنوں میں اخراجات زندگی کے بہت زیادہ ہو جانے پر پائے جانے والے عدم اطمینان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
پیرس سے ملنے والی مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق لکورنو حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں مہنگائی کے خلاف عوامی غصے کو کم کیا جائے، تاہم حکومت کے پاس بجٹ میں بہت زیادہ خسارے کے سبب اس معاملے کے حل کے لیے جامع اقدامات کرنے کے امکانات بھی قدرے محدود ہیں۔
فرانس میں پولیس کو غیر مسلح کرنے کے زور پکڑتے مطالبات
پیرس حکومت نے کارکنوں کی کم سے کم اجرت میں اب جس 1.6 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے، اس سے قبل اسی سال جون میں بھی کم سے کم اجرتوں میں 35 یورو کا اضافہ کر کے ان کی ماہانہ مالیت افراط زر کی ملکی شرح کے مطابق 1,478 یورو (1,659 ڈالر) فی کس کر دی گئی تھی۔

ملکی وزیر محنت ژاں پیئر فارانڈو کے مطابق کم از کم ماہانہ اجرتوں میں مزید 1.6 فیصد کے اضافے سے کارکنوں کی ایسی فی کس ماہانہ اجرتیں ممکنہ طور پر 1500 یورو سے زیادہ ہو جائیں گی۔
ان کے بقول حکومت ایسا کرنے پر تیار ہے، بشرطیکہ اس وجہ سے ملک میں روزگار کے مواقع کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔



