علی عباس کاظمیکالمز

ادبی منافقت…… علی عباس کاظمی

آج ہمارے موبائل فونز میں سینکڑوں اور ہزاروں کتابوں کی پی ڈی ایف فائلیں جمع ہیں۔ بظاہر یہ علم تک رسائی کی ایک بڑی سہولت ہے، مگر سہولت اور مطالعہ دو الگ چیزیں ہیں

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

کسی زبان کی موت اچانک واقع نہیں ہوتی، پہلے اس کے لفظ لوگوں کی گفتگو سے نکلتے ہیں، پھر کتابیں گھروں کی الماریوں سے اور آہستہ آہستہ ایک دن نئی نسل اس زبان کے ادبی ورثے سے اجنبیت محسوس کرنے لگتی ہے۔ ہمارے ہاں بھی کچھ ایسا ہی منظر بنتا دکھائی دے رہا ہے۔ کتابیں موجود ہیں، ادبی تقریبات بھی ہوتی ہیں، مشاعرے بھی سجتے ہیں، ادبی میلوں کے بینر بھی لگتے ہیں، مگر ان سب کے باوجود مطالعے کا ذوق کمزور پڑ رہا ہے۔ لکھنے والوں کی تعداد محدود ہے اور پڑھنے والوں کا حلقہ اس سے بھی چھوٹا ہوتا جا رہا ہے۔ لوگ تفریح، کھانے پینے، خریداری اور وقتی آسائشوں پر خرچ کرنے میں زیادہ تامل نہیں کرتے، لیکن کتاب خریدنے کی باری آئے تو قیمت، ضرورت، افادیت اور وقت کے کئی سوال سامنے آ جاتے ہیں۔ یہ بات درست ہے کہ مہنگائی نے عام آدمی کی قوتِ خرید متاثر کی ہے اور ہر شخص کے لیے کتابوں پر باقاعدہ رقم خرچ کرنا آسان نہیں، لیکن مسئلہ صرف معاشی نہیں، ترجیحات کا بھی ہے۔ ہم اپنی خوشی کے لیے کئی غیر ضروری چیزیں خرید لیتے ہیں، مگر ذہنی آسودگی اور فکری تربیت کے لیے ایک کتاب خریدنے سے پہلے کئی مرتبہ سوچتے ہیں۔اس کا اثر صرف کتاب فروشوں یا ناشرین تک محدود نہیں رہتا۔ جب کتابوں کی اشاعت کم ہوتی ہے تو نئے لکھنے والوں کے لیے اپنے کام کو کتابی صورت میں سامنے لانا مشکل ہو جاتا ہے۔ ناشر بھی اسی چیز میں سرمایہ لگاتا ہے جس کی فروخت کا امکان ہو۔ یوں ایک پورا ادبی سلسلہ کمزور ہونے لگتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ معاشرے میں بڑے ادیب پیدا ہوں، لیکن ان کے لیے مطالعے کا ماحول، اشاعت کے مواقع اور ابتدائی حوصلہ افزائی فراہم کرنے کو تیار نہیں۔ یہ خواہش کچھ ایسی ہی ہے جیسے کوئی شخص بیج بوئے بغیر درخت کے سائے کی توقع کرے۔
آج ہمارے موبائل فونز میں سینکڑوں اور ہزاروں کتابوں کی پی ڈی ایف فائلیں جمع ہیں۔ بظاہر یہ علم تک رسائی کی ایک بڑی سہولت ہے، مگر سہولت اور مطالعہ دو الگ چیزیں ہیں۔ کتاب ڈاؤن لوڈ کر لینا کتاب پڑھ لینے کے برابر نہیں۔ ہمارے فونز میں ایسی بے شمار کتابیں موجود ہیں جن کے نام تک ہمیں یاد نہیں۔ ہم فائلیں جمع کرتے رہتے ہیں اور مطالعے کا ارادہ اگلے دن پر چھوڑ دیتے ہیں۔ یوں کتاب ہماری زندگی کا حصہ بننے کے بجائے موبائل کی میموری کا حصہ بن کر رہ جاتی ہے۔ڈیجیٹل کتابوں کے پھیلاؤ نے ناشرین اور کتاب فروشوں کے لیے بھی نئے مسائل پیدا کیے ہیں۔ خصوصاً جب کسی مصنف یا ناشر کی اجازت کے بغیر اس کی کتاب مفت تقسیم کی جائے تو اس کی محنت اور حقوق دونوں متاثر ہوتے ہیں۔ خرابی ٹیکنالوجی میں نہیں بلکہ اس رویے میں ہے جو کسی دوسرے کی محنت کو مفت استعمال کرنے کا اپنا حق سمجھتا ہے۔ کتاب تک رسائی آسان ہونی چاہیے، مگر لکھنے والے اور ناشر کی محنت کی قیمت بھی تسلیم ہونی چاہیے۔ایک شخص اپنے مشاہدات، احساسات اور تجربات کو الفاظ میں ڈھالنے کی کوشش کرتا ہے۔ ممکن ہے اس کی پہلی تحریر میں فنی خامیاں ہوں، زبان میں کمزوری ہو، خیال پوری طرح واضح نہ ہو، مگر کیا ہر لکھنے والا ابتدا ہی سے پختہ کار پیدا ہوتا ہے؟ کیا بڑے ادیبوں نے اپنی پہلی تحریر میں ہی ادبی معراج حاصل کر لی تھی؟ تخلیق ایک مسلسل تربیت ہے۔ لکھنے والا پڑھتا ہے، غلطیاں کرتا ہے، تنقید برداشت کرتا ہے، اپنی تحریر پر دوبارہ کام کرتا ہے اور رفتہ رفتہ بہتر ہوتا ہے۔ اگر ہم اس کے ابتدائی قدم پر ہی اسے یہ احساس دلانے لگیں کہ تمہیں لکھنے کا حق نہیں، تو پھر ہم کس بنیاد پر آنے والی نسل سے اچھے ادیبوں کی توقع رکھتے ہیں؟
ہمارے ادبی حلقوں میں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو نئے لکھنے والوں کو خوش آمدید کہنے کے بجائے ان کے لیے امتحان گاہ بنا دیتا ہے۔عروض، زبان، قواعد اور اسلوب کی اصلاح ضرور ہونی چاہیے، مگر اصلاح اور تحقیر میں فرق ہوتا ہے۔نثر میں کمزوری کی نشاندہی کیجیے، مگر اس کے اندر موجود خیال اور اظہار کی کوشش کو بھی دیکھیے۔ ہر خام تحریر بے کار نہیں ہوتی، بعض اوقات اسی خاموش اور ناپختہ کوشش میں ایک بہتر لکھنے والے کی ابتدا چھپی ہوتی ہے۔یہاں یہ بات بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ادبی معیار اور ادبی آزادی ایک دوسرے کے مخالف نہیں۔ ہر شخص کو لکھنے کا حق ہے، مگر ہر تحریر لازماً بہترین نہیں ہوتی۔ تنقید کا کام تخلیق کے معیار کو بہتر بنانا ہے، لکھنے والے کے ہاتھ سے قلم چھیننا نہیں۔ اگر ہم نئے لکھنے والوں کو صرف واہ واہ دیں گے تو ان کی اصلاح نہیں ہوگی اور اگر ہر قدم پر ان کی تذلیل کریں گے تو وہ لکھنا ہی چھوڑ دیں گے۔ ہمیں ایسی تنقید درکار ہے جو غلطی کی نشاندہی بھی کرے اور لکھنے والے کو دوبارہ لکھنے کا حوصلہ بھی دے۔ ادب کی دنیا میں استاد کا کردار دروازہ بند کرنا نہیں بلکہ نئے آنے والے کو راستہ دکھانا ہے۔
شاعری ہو یا نثر، تخلیق کا پہلا تعلق انسان کے باطن سے ہوتا ہے۔ کوئی واقعہ، منظر، رویہ، محرومی یا خیال جب انسان کے اندر ایک خاص کیفیت پیدا کرتا ہے تو وہ اسے اپنے الفاظ میں بیان کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس اظہار کی صورت ہر شخص کے لیے یکساں نہیں ہو سکتی۔ کسی کے لیے غزل موزوں وسیلہ ہے، کوئی پابند نظم میں اپنی بات کہتا ہے، کوئی آزاد نظم کا انتخاب کرتا ہے اور کسی کو نثری اظہار میں اپنی کیفیت زیادہ واضح محسوس ہوتی ہے۔ ان تمام صورتوں کو ایک ہی پیمانے سے جانچنے کی ضد دراصل انسانی تخلیقی مزاج کی تنوع پسندی سے انکار ہے۔ادب میں فنی اصولوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ عروض، بحر، قافیہ، ردیف، تشبیہ، استعارہ اور زبان کی باریکیاں تخلیق کو نکھارنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ عروض ایک فن ہے، شاعری کی مکمل کائنات نہیں۔ جو شخص اس فن میں مہارت رکھتا ہے، اس کی مہارت قابلِ قدر ہے، مگر اسے دوسروں کی تخلیقی آزادی محدود کرنے کا اختیار نہیں مل جاتا۔ کسی شخص کو عروض آتا ہے تو وہ یہ سمجھنے لگتا ہے کہ شاعری کی سند بھی اسی کے ہاتھ میں ہے۔ کوئی زبان کے قواعد جانتا ہے تو ہر تحریر میں اپنی علمی حیثیت کا مظاہرہ ضروری سمجھتا ہے۔ حالانکہ علم کا اصل حسن انسان کو وسیع النظر بنانا ہے، نہ کہ اسے دوسروں کی تحقیر کا عادی بنانا۔ اگر کسی تخلیق میں فنی خامی ہے تو اس کی نشاندہی کیجیے، دلیل دیجیے، بہتر صورت تجویز کیجیے، لیکن لکھنے والے کی تخلیقی حیثیت پر حملہ کرنا تنقید نہیں، اپنی ذہنی تنگی کا اظہار ہے۔
تعلیمی اداروں میں ہونے والے کتاب میلوں اور ادبی تقریبات کی کامیابی صرف اسٹالوں کی تعداد، تصویروں، مہمانوں کی آمد یا سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی پوسٹوں سے نہیں ناپی جا سکتی۔ اصل کامیابی تب ہوگی جب طالب علم کتاب خریدنے، پڑھنے اور اس پر گفتگو کرنے کی عادت اپنائیں گے۔ اگر کسی ادبی میلے میں لوگ کھانے پینے کے اسٹالوں پر زیادہ وقت گزاریں اور کتابوں کے اسٹال محض سجاوٹ بن کر رہ جائیں تو منتظمین کو اپنی حکمت عملی پر غور کرنا چاہیے۔ کتاب کو عوام تک پہنچانے کے لیے قیمتوں میں رعایت، طالب علموں کے لیے خصوصی سہولت، مصنفین سے براہِ راست ملاقات اور کتابوں پر بامعنی گفتگو جیسے اقدامات ضروری ہیں۔ محض تقریب منعقد کر دینا ادبی شعور پیدا کرنے کے مترادف نہیں۔ پڑھنے کا ذوق صرف نصیحت سے پیدا نہیں ہوتا۔ گھر میں کتاب کا ماحول ہونا چاہیے، والدین بچوں کو کتاب سے متعارف کرائیں، تعلیمی ادارے مطالعے کو محض امتحانی ضرورت نہ بنائیں اور ادبی تنظیمیں نئے لکھنے والوں کے لیے تربیتی نشستیں منعقد کریں۔ کتابوں کی دکانیں، کتب خانے اور اشاعتی ادارے بھی اپنی ذمہ داری سمجھیں۔ جب کتاب عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگی اور ادب چند مخصوص حلقوں تک محدود رہے گا تو اس کا دائرہ مزید سکڑتا جائے گا۔ہمیں اپنے رویوں کا جائزہ لینا ہوگا۔ ہم ادیبوں کی کمی کا رونا روتے ہیں، مگر نئے لکھنے والوں کو جگہ دینے سے گھبراتے ہیں۔ مطالعے کے زوال پر افسوس کرتے ہیں، مگر کتاب خریدنے کو ترجیح نہیں دیتے۔ کتابوں کی اہمیت پر تقریریں کرتے ہیں، مگر اپنے بچوں کے ہاتھ میں موبائل کے بجائے کتاب دینے کی کوشش کم کرتے ہیں۔ یہ تضاد ختم کیے بغیر کوئی ادبی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی۔ کتاب کا اصل وجود اس شعور میں ہے جو اسے پڑھنے والے کے اندر پیدا ہوتا ہے۔ نئے لکھنے والے کو جگہ دیجیے، نئے قاری کو کتاب تک لائیے، اختلاف کو تہذیب کے ساتھ برداشت کیجیے اور تنقید کو اصلاح کا ذریعہ بنائیے۔کیونکہ جب معاشرہ لکھنے والے کی حوصلہ شکنی اور پڑھنے والے کی بے اعتنائی کو معمول بنا لیتا ہے تو پھر کتابیں تو چھپتی رہتی ہیں، مگر ادب رفتہ رفتہ اپنے قارئین سے محروم ہو جاتا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button